اداکارہ پروین بابی انتقال کرگئیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انیس سو ستر کے عشرے میں بالی وُڈ میں شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ پروین بابی وفات پاگئی ہیں۔ ممبئی پولیس کے مطابق وہ اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئیں۔ پولیس کا خیال ہے کہ ان کی موت کی وجہ ذیابیطس کی پیچیدگیاں ہوسکتی ہیں۔ پولیس نے ان کی لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجی ہے جس کے بعد ہی ان کی موت کی وجہ اور صحیح وقت کا تعین ممکن ہوگا۔ پولیس نے سنیچر کے روز ان کے فلیٹ کا دروازہ تب کھولا جب پڑوسیوں نے اطلاع دی کہ دودھ کے پیکٹ اور اخبار ان کے دروازے پر دو دن سے پڑ ے ہیں اور وہ اپنے معمول کے مطابق انہیں اٹھانے نہیں آئیں۔ پروین بابی، جنہوں نے انیس سو اٹھاسی میں بالی وُڈ میں کام کرنا بند کردیا تھا، تنہائی پسند طبیعت کی حامل تھیں۔ پروین بابی نے پچاس سے زائد فلموں میں مرکزی کردار ادا کیا جن میں کئی فلمیں امیتابھ بچن کے ساتھ تھیں۔ ان کی کامیاب فلموں میں دیوار، امر اکبر انتھونی اور کالا پتھر شامل ہیں۔ انیس سو ستر کے عشرے میں ’نوجوان ناراض نسل‘ کے مزاج کی نمائندگی میں امیتابھ بچن اور پروین بابی کی جوڑی فلمی دنیا میں کامیاب ثابت ہوئی۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ پروین بابی حسین اور غیرروایتی مزاج کی مالک تھیں اور انہوں نے اپنی غیرروایتی تصویر سے بالی وُڈ کی ادکاراؤں کا تصور بدل ڈالا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||