صلاح الدین بی بی سی اردو ڈاٹ کام، نئی دہلی |  |
 |  لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوجی |
ہندوستان نے کہا ہے کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول کے پار سے دوبارہ مورٹار اور مشین گنز سے فائرنگ ہوئی ہے۔ ایک فوجی افسر کے مطابق یہ واقعہ ضلع حمیدپور کے راجوری سیکٹر میں پیش آیا ہے۔اطلاعات کے مطابق 15 منٹ تک گولہ باری ہوئی لیکن اس واقعے میں کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ اس علاقے میں ہندوستانی فوجی کے ایک سینیئر افسر دھرو کٹوچ نے کہا ہے کہ ابھی اس معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے کہ یہ فائرنگ کس نے کی ہے۔ انہوں نے کہا: ’ابھی کچھ بھی کہنا جلد بازی ہوگی کیوں کہ اس طرح کے چھوٹے مورٹار اور مشین گنز شدت پسندوں کے پاس بھی ہیں۔‘ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں ایسا نہیں لگتا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بارڈر پر فائرنگ ہوئی اور پاکستانی فوجیوں کو اس کا علم نہ ہو۔ سرحد پر یہ گولہ باری عین ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ہندوستانی فوج کے سربراہ جنرل این سی وج علاقے کا دورہ کرنے والے ہیں۔ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے گورنر اور جنرل وج اس علاقے ميں سرحد پر باڑ کا افتتاح کریں گے۔ اس سے قبل منگل کے روز بھی ہندوستانی فوج نے مورٹار حملوں کی شکایت کی تھی جبکہ پاکستانی فوج نے اس بات کی تردید کی تھی کہ اس کی جانب سے ایسی کوئی کارروائی کی گئی ہے۔گزشتہ روز دونوں جانب کے فوجی افسران نے ہاٹ لائن کے ذریعے اس معاملے پر تبادلۂ خیال بھی کیا تھا۔ پاکستانی فوج کے مطابق یہ فائرنگ بھارتی علاقے میں ہوئی اور فوج نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔ اِدھر نئی دہلی میں حکام کا کہنا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں ہی کشمیر میں کشیدگی نہیں چاہتے ہیں۔ وزیر دفاع پرنب مکھرجی نے زور دیا ہے کہ فریقین علاقے میں اعتماد بحال کرنے کے اپنے وعدے پر قائم ہیں۔ |