BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Sunday, 21 November, 2004, 11:04 GMT 16:04 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
بگلہ پکڑ تحریک

وزیراعظم من موہن سنگھ
وزیراعظم من موہن سنگھ کشمیر کے حالیہ دورے پر
ہم میں سے اکثر لوگ بچپن سے سنتے آرہے ہیں کہ بگلہ دو طریقے سے پکڑا جاتا ہے۔یا تو آپ دبے پاؤں اسکے پیچھے جا کر گردن دبوچ لیں یا پھر بگلے کے سر پر موم رکھ کے انتظار کریں کہ کب سورج کی روشنی سے یہ موم پگھل کر بگلے کی آنکھوں میں جائے اور جب وہ نابینا ہو جائے تو آرام سے پکڑ لیا جائے۔

پاکستان اور ہندوستان نے کشمیر کا بگلہ پکڑنے کے لئے ہمیشہ دوسرا طریقہ اختیار کرنے کی کوشش کی ہے۔لیکن کبھی سورج نہیں نکلتا تو کبھی موم پگھلنے سے پہلے بگلے کے سر سے گر پڑتا ہے تو کبھی خود بگلہ پھدک کر ادھر ادھر ہو جاتا ہے۔

اٹل بہاری واجپئی اچھے بھلے اب سے پانچ برس پہلے لاہور پہنچے تو پیچھے سے کارگل ہوگیا۔اسکے بعد صدر مشرف آگرہ گئے تو سربراہ کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ کومے، فل سٹاپ ، لفظیات کے چناؤ اور پیراگرافنگ کی بھینٹ چڑھ گیا۔پھر اٹل بہاری واجپئی نے سری نگر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ایک بار پھر پاکستان کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھاتے ہیں۔تو صدر مشرف نے کشمیر کے حل کے لئے ٹائم فریم کا مطالبہ کردیا۔

پھر جب گزشتہ برس پاکستان نے لائن آف کنٹرول پر یکطرفہ جنگ بندی اور فوجیں پیچھے ہٹانے کا اعلان کیا تو ہندوستان نے سال بھر پاکستان کا قول و فعل آزمانے میں ہی گزار دیا۔

کشمیری عوام سے کوئی کچھ نہیں پوچھتا
کشمیری عوام سے کوئی کچھ نہیں پوچھتا
چند ہفتے قبل جب صدر مشرف نے کچھ لو اور کچھ دو اور بدلے ہوئے زمینی حقائق کی بنیاد پر کشمیر کو سات حصوں میں تقسیم کرنے اور بعض حصوں پر دونوں ممالک کے مشترکہ کنٹرول کی تجویز پیش کی تو ہندوستان کا ردِعمل یہ تھاکہ کوئی بھی تجویز عوامی پلیٹ فارم کے بجائے باضابطہ راستے سے سامنے آنا چاہیے۔جب پاکستانی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وہ دہلی کے دورے میں یہ تجاویز باضابطہ طور پر پیش کریں گے تو وزیرِاعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ نےصدر مشرف کی تجاویز باضابطہ طور پر سامنے آنے سے پہلے ہی یہ کہتے ہوئے مسترد کردیں کہ مذہبی بنیادوں پر کشمیر کی ایک اور تقسیم کی تجویز ناقابلِ قبول ہے۔

ساتھ ہی ساتھ ہندوستان کی جانب سے کشمیر میں فوجوں کی تعداد میں علامتی کمی کے علاوہ یہ اشارے ملنے لگے کہ لائن آف کنٹرول کو بین الاقوامی سرحد بنانے پر غور ہوسکتا ہے تو صدر مشرف سے منسوب یہ بیان سامنے آ گیا کہ کشمیر کے بارے میں ہندوستان کا رویہ پہلے کے مقابلے میں کم مثبت نظر آتا ہے۔

دونوں ممالک کی قیادت وقتاً فوقتاً ایک دوسرے کو یہ بھی جتاتی رہتی ہے کہ حساس معاملات پر کھلے عام رائے زنی اور تجاویز پیش کرنے سے پرہیز کرنا چاہئے کیونکہ یہ ایک غیر ذمےدارانہ اور غیر سفارتی عمل ہے۔

اسکے کچھ عرصے بعد تک دونوں ملک سنجیدگی کا لبادہ اوڑھ کر ایک دوسرے سے ذمہ دارانہ رویہ برتنے کی کوشش بھی کرتے ہیں ۔لیکن جیسے ہی بگلے کی گردن پر ان میں سے کسی کا ہاتھ پورا پڑنے لگتا ہے تو دوسرا فریق کوئی نہ کوئی ایسی حرکت کر بیٹھتا ہے کہ بگلہ پھر سے بدک جاتا ہے۔اور موم ہے کہ مسلسل ضائع ہوئے چلا جارہا ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد