بھارت، بس حادثے میں پچاس ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارتی ریاست کرناٹک میں پولیس کے مطابق ایک بس کے حادثے میں پچاس سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ابھی تک امدادی کارکن اکیاون لاشیں نکال چکے ہیں۔ حکام کے مطابق بس میں تقریباً ساٹھ مسافر سوار تھے جس میں سے نو افراد نہر سے تیر کر نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ حادثہ بیجاپور ضلع میں پیش آیا جو ریاستی دارالحکومت بنگلور سے پانچ سو کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یوں معلوم ہوتا ہے کہ جیسے رات کے وقت ایک موڑ پر بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوگئی تھی۔ حادثہ رات کو اس بس پر پیش آیا جو حبلی سے بیجاپور جارہی تھی۔ بھارتی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی حکام نے نہر میں ڈیم سے آنے والے پانی کو روک دیا تاکہ پانی کی سطح کم ہوجائے اور امدادی کاموں میں آسانی پیدا ہوسکے۔ بس کو نہر سے نکالنے کے لیے کرینوں کا انتظام بھی کیا گیا۔ حکام کو خدشہ ہے کہ اب کسی کے زندہ بچنے کا امکان بہت کم ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||