بھارت کی ریاست مغربی بنگال میں پولیس کے مطابق ٹرین کے حادثے میں بارہ بچے ہلاک اور بیس زخمی ہو گئے ہیں۔ ان میں سے کچھ بچے شدید زخمی ہیں۔ محکمۂ ریل کی ایک ترجمان کے مطابق محکمہ کو تیس بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے لیکن وہ کسی ہلاکت کے بارے میں نہیں جانتے۔ یہ حادثہ کولکتہ سے دو سو اسّی میل شمال میں جلپائیگُری شہر کے پھاٹک پر پیش آیا جہاں کوئی پھاٹک والا تعینات نہیں تھا۔ ایک اطلاع کے مطابق بچے سکول بس میں سوار تھے جبکہ یہ بھی کہا گیا ہے کے بچے ٹریکٹر ٹرالی میں سکول جا رہے تھے۔ مقامی پولیس کے مطابق بس میں چالیس بچے سوار تھے۔ |