’پاکستان وعدہ پورا کرے، ہم تیار ہیں‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ ہندوستان پاکستان کے ساتھ تمام تصفیہ طلب مسائل حل کرنے کے اپنے عہد پر قائم ہے لیکن پاکستان کو بھی اپنے ان تمام وعدوں کو پورا کرنا چاہیے جو گزشتہ جنوری میں پاکستان کے صدر پرویز مشرف اور بھارت کے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری کے درمیان طے پائے تھے۔ منموہن سنگھ نے کہا ’اگر پاکستان اپنی سرزمین سے دہشت گردی روکنے کا وعدہ پورا کرے تو ہم جموں کشمیر سمیت تمام اہم مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرینگے‘۔ بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے زیر اہتمام دِلُی میں ’ہندوستان اور دنیا‘ کے عنوان سے ایک کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم منموہن سنگھ نے کہا ہے کہ دنیا میں جنوبی ایشیا کو اہم مقام حاصل ہے اور اسے اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 21 ویں صدی کو ایشیا کی صدی بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہندوستان دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلے اور جہاں تک انکی حکومت کا سوال ہے وہ اقتصادی ترقی کوتیز تر کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ بھارتی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ مہلک ہتھیاروں کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ تعاون کرینگے اور دہشت گردی سے سختی سے نمٹیں گے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں ملک سے باہر مقیم ان ہندوستانیوں کی تعریف کی جنہوں نے مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک میں مقیم ہندوستانی باشندوں کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہمیں مناسب ماحول تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ روزنامہ ہندوستان ٹائمز کے زیر اہتمام اس کانفرنس کا افتتاح پانچ نومبر بروز جمعہ کو ہوا ہے جس میں دنیا بھر سے کئی اہم سیاسی و سماجی شخصیات حصہ لے رہی ہیں۔ برطانیہ کے سابق وزیر اعظم جان میجر، امریکی مدبر ہینری کسنجر اور ہانس بلکس کے علاوہ پاکستان کے سابق کرکٹ کھلاڑی و انصاف پارٹی کے رہنما عمران خان و متحدہ قومی مومنٹ کے بانی الطاف حسین بھی اس کانفرنس سے خطاب کرینگے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||