بھارتی انتخاب: پچاس سے پچپن فیصد ووٹ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بھارت میں پارلیمان کے ایوان زیریں یا لوک سبھا کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ مکمل ہوگئی ہے۔ پولنگ کے دوران کچھ علاقوں سے پرتشدد واقعات کی خبریں بھی ملی ہیں۔ ان انتخابات میں پہلی مرتبہ پولنگ کے دوران الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال کیا جا رہا ہے اور ہر ووٹ کا اندراج اس مشین پر کیا جا رہا ہے۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاوہ، جہاں علیحدگی پسند عناصر ان انتخابات کا بائیکاٹ کر رہے ہیں، چند دیگر ریاستوں سے بھی تشدد کے واقعات کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔ بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں نیشنل کانگرس کے سربراہ عمر عبد اللہ ایک قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے۔
پولیس حکام نے بتایا ہے کہ سری نگر سے تیس کلو میٹر جنوب میں واقعے ایک گاؤں سے عمر عبداللہ کے انتخابی قافلے کے گزر جانے کے چند لمحوں بعد ایک بارودی سرنگ پھٹ گئی۔ تاہم اس واقعے میں کسی قسم کے جانی نقصاں ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ اس سے پہلے جموں کشمیر میں اس وقت ایک فوجی ہلاک اور چھ افراد زخمی ہوگئے جب مشتبہ شدت پسندوں نے پولنگ سٹیشنوں پر حملے کیے۔ زخمی ہونے والوں میں پولیس والے، ووٹر اور الیکشن کا عملہ بھی شامل ہے۔ کشمیر ہی میں ایک اور واقع میں ایک پولیس اہلکار اور انسانی حقوق کی تنظیم کی ایک کارکن بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ شمالی ریاست آندھرا پردیش میں انتخابی عمل معمول کے مطابق جاری ہے اور وہاں کے شہری ریاست کے تیرہ اضلاع میں انتیس ہزار پولنگ سٹیشنوں پر قطار لگا کر اپنی باری کا انتظار کر رہے ہیں۔
آندھرا پردیش کے دارالحکومت حیدرآباد میں ابتدائی ڈھائی گھنٹے کے دوران تقریباً بیس فی رائے دہندگان نے ووٹ ڈالا۔ تاہم پرانے شہر کے مسلم اکثریت والے علاقے میں زیادہ سرگرمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ بعض مقامات پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے پہلی بار استعمال سے کچھ دشواریاں پیش آئیں تاہم جلد ہی ان پر قابو پالیا گیا۔ منی پور میں گزشتہ روز سے اب تک کم سے کم سات فوجی اور سرحدی محافظ ہلاک ہوئے ہیں۔ دلی میں بی بی سی اردو ڈاٹ کام کے عدنان عادل کے مطابق ہندوستان میں پہلے دور کے انتخابات کے روز ووٹروں کے کیے گۓ مختلف سروے (ایگزٹ پول) کے نتائج کے مطابق حکمران سیاسی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کو کانگریس پر نمایاں برتری حاصل ہے۔ ان جائزوں کے مطابق کانگریس کی نشستیں اتنی کم نہیں ہوئیں جیسا کہ انتخابی مہم کے شروع میں کہا جارہا تھا بلکہ اس کی نشستوں کی تعداد میں گزشتہ انتخابات کے مقابلہ میں تھوڑا سا اضافہ ہوسکتا ہے۔ دوسری طرف این ڈی اے (حکمران اتحاد) کی نشستیں گزشتہ انتخابات کے مقابلہ میں تھوڑی سی نشستیں کم ہونے کا امکان ہے۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق اگر یہی رجحان دوسرے فیز کے انتخابات میں جاری رہا تو این ڈی اے اور وزیراعظم واجپائی کو حکومت بنانے کے لیے درکار دو سو تہتر نشستیں پوری کرنے کے لیے شائد دس بارہ نشستوں کی ضرورت رہے گی۔ اطلاعات کے مطابق شمال مشرقی ریاست منی پور میں خراب موسم اور تشدد کی وجہ سے لوک سبھا کے چوبیس میں سے دس حلقوں میں انتخابی عمل متاثر ہوا ہے۔ خراب موسم کے سبب تقریباً ایک سو پولنگ سٹیشنوں پر انتخابی عملہ بھی نہیں پہنچ سکا۔ ریاست منی پور کی برما سے ملنے والی سرحد پر گزشتہ شب تین فوجی اس وقت ہلاک ہوگئے جب باغیوں نے ان کے قافلے پر حملہ کر دیا۔ جبکہ منگل کی صبح ایک اور حملے میں چار سرحدی محافظ مارے گئے۔ منگل کی صبح بھارت میں انتخابات کا پہلا مرحلہ شروع ہوا۔ اس مرحلہ میں تیرہ ریاستوں اور تین وفاقی علاقوں میں پولنگ ہو رہی ہے۔ مجموعی طور پر یہ انتخابات پانچ مراحل میں ہوں گے جن میں سڑسٹھ کروڑ کے لگ بھگ شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لئے بیس لاکھ سے زیادہ سکیورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے۔ اطلاعات کے مطابق کشمیر کے دارالحکومت سری نگر سے ساٹھ کلومیٹر دور رفیع آباد گاؤں میں مشتبہ شدت پسندوں نے پولنگ سٹیشن کے باہر تعینات فوجی کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ جبکہ بانڈی پورہ میں ایک پولنگ سٹیشن کے باہر نصب بم پھٹنے سے انتخابی عملے کے دور ارکان سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||