بھارت کی معیشت میں کمزوری کے آثار

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارت کے وزیر خزانہ پرنب مکھر جی نے بھارتی معیشت کے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بازار کی موجودہ حالت میں سدھار لانے کے لیے سوموار کو چند اقدامات کا اعلان کرےگی۔
انہوں نے کہا کہ اس سمت میں کیا اقدام کیے جانے چاہیے اس کے لیے وزارت خزانہ نے آر بی آئی یعنی بھارتی ریزرو بینک کے گورنر ڈی سبّا راؤ سے اس معاملے میں بات چیت کی ہے۔
پرنب مکھر جی نے کہا:’ہم اس معاملے میں چند اقدامات لیں گے لیکن اس کے بارے میں سوموار کو اعلان کیا جائے گا۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’اس سے بازار کے حالات میں بہتری آئے گی۔‘
وزیر خزانہ نے کہا:’جی ڈی پی کی شرح فی الحال چھ اعشاریہ پانچ فی صد ہے۔ فی الوقت مہنگائی کا زبردست دباؤ ہے اور روپے کی قیمت میں گراوٹ آ رہی ہے ۔ اس بارے میں کوئی شک نہیں کہ ہندوستانی معیشت میں کمزوری کے آثار نظر آ رہے ہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ وہ اس معاملے پر فکر مند تو ضرور ہیں لیکن پریشان نہیں ہیں۔
اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا ’جس زمانے میں پوری دنیا میں ہلچل مچی ہوئی ہو ایسے میں بھارت جیسی بڑی معیشت ان سے بے بہرہ نہیں رہ سکتی ہے۔‘
پرنب مکھر جی نے کہا کہ ہندوستانی معیشت بنیادی طور پر مضبوط ہے اور اسی سال جنوری سے جون کے درمیان غیر ملکی اداروں کی سرمایہ کاری آٹھ ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
واضح رہے کہ پرنب مکھر جی کو حکمراں اتحاد کانگریس نے صدر جمہوریہ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ چوبیس جون کو وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفیٰ ہو جائیں گے۔ بھارت میں صدر جمہوریہ کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی تیس جون تک داخل کیے جائیں گے اور اس کے لیے انیس جولائی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ اور نتیجوں کا اعلان بائیس جولائی کو ہوگا۔







