’وزیراعظم آئینی ذمہ داری بھی نبھائیں‘

انّآ ہزارے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنانّآ ہزارے لوک پال بل پاس کرانے اور بدعنوانی کے خلاف ملک گیر مہم چلا رہے ہیں۔

بھارت میں بدعنوانی اور کالے دھن کے خلاف جاری مہم کے دوران بھارت کے یوگا گرو بابا رام دیو نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم منموہن سنگھ کو ذاتی ایمانداری کے ساتھ ساتھ جمہوری اور آئینی ذمےداری بھی نبھانی چاہیۓ۔

بھارت میں بدعنوانی اور بلیک منی کے خلاف مہم تقریباً ایک سال سے جاری ہے اور اس کی رہنمائی سماجی کارکن انّا ہزارے اور ان کی ٹیم کر رہی ہے۔ اتوار کو بدعنوانی اور کالے دھن کے خلاف دلّی کے جنتر منتر پر مظا کیا جا رہا ہے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بابا رام دیو نے کہا کہ وزیر اعظم ایماندار ہونگے لیکن انہیں اپنی کابینہ کو بھی ایماندار رکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا ’غیر ملکوں میں بہت سا کالا دھن پڑا ہے۔ یہ واپس آنا چاہیے اور آنے والے دنوں میں ایسا نہ ہو اس کے لیے آگے مضبوط لوک پال کی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’وزیر اعظم بار بار کہتے ہیں کہ وہ ایماندار ہیں لیکن انہیں اپنی جمہوری اور آئینی ذمہ داری بھی نبھانی چاہیے۔ انہیں اپنی کابینہ کو بھی ایماندار بنانا چاہیے۔‘

گزشتہ سال تحریک کے بعد اس سال پہلی بار انّا ہزارے اور بابا رام دیو ایک دوسرے کے ساتھ ایک سٹیج پر آئے ہیں اور حکومت کی مخالفت کر رہے ہیں۔

بابا رام دیو
،تصویر کا کیپشنبھارت میں بدعنوانی کے خلاف مہم ایک سال سے جاری ہے۔

واضح رہے کہ انّا کی ٹیم میں بابا رام دیو کو شامل کرکے ایک ساتھ چلنے کے معاملے میں ایک رائے نہیں تھی۔ لیکن گزشتہ ہفتے پہلی بار ٹیم انّا نے وزیر اعظم کے ساتھ ساتھ کئی کابینہ کی سطح کے وزراء کے خلاف گھوٹالے میں شامل ہونے کے الزامات لگائے ہیں۔

اس کے جواب میں وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اگر ان کے خلاف کوئی بھی الزام ثابت ہوتا ہے تو وہ سرکاری خدمات چھوڑ دیں گے۔

حالانکہ ایک بار پھر بدعنوانی اور لوک پال کو لے کر مہم زور پکڑ رہی ہے ایسے میں یہ انتہائی اہم بات ہوگی کہ حکومت اس کے بعد کیا کرتی ہے۔

تین جون کی ایک دن کی بھوک ہڑتال کے بعد ٹیم انّا پچیس جولائی سے ‏غیر معینہ مدت کےلیے ہڑتال کرنے جا رہی ہے تاکہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس میں لوک پال بل منظور کرانے کے لیے حکومت پر خاطرخواہ ڈباؤ ڈالا جا سکے۔

اتوار کے دن بھوک ہڑتال سے قبل بابا رام دیو اور انّا ہزارے دونوں راج گھاٹ پہنچے اور انہوں نے مہاتما گاندھی کے مزار پر خراج عقیدت پیش کیا۔