بھارت: نجی ائرلائن کے پائلٹس بھی چھٹیوں پر

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارت کی سرکاری ہوائی کمپنی ائیر انڈیا کے کئی پائلٹس کے ’بیمار‘ ہو جانے کے بعد اب کنگفشر ائرلائن کے کئی پائلٹس خود کو ’بیمار‘ قرار دے کر چھٹی پر چلے گئے ہیں جس سے مسافروں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
پائلٹس کے اچانک چھٹی پر چلے جانے سے کئی پروازیں منسوخ کرنی پڑی ہیں۔
کنگفشر ائرلائن کے اسی پائلٹس نے ایک ساتھ ’بیماری کی چھٹی‘ لے لی ہے جس کی وجہ سے تقریبا پندرہ پروازیں منسوخ کرنی پڑی ہیں۔
خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق جمعہ کو ممبئی کے پائلٹس بھی چھٹی پر جا سکتے ہیں جس سے مسافروں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
کنگفشر ائرلائن کے مالک وجے مالیا نے ذرائع ابلاغ سے کہا ہے کہ وہ ’بعض گمراہ ملازمین کی وجہ سے مسافروں اور ائرلائن کو مشکل میں نہیں ڈالیں گی۔‘
کنگفشر کی جن پروازوں کو منسوخ کیا گیا ہے ان میں دلی سے شملہ، دھرم شالا، جے پور اور چندی گڑھ جانے والی پروازیں ہیں۔
ائرانڈیا کے پائلٹس پہلے سے ہی ’بیماری‘ کی وجہ سے چھٹی پر ہیں اور اب کنگفشر ائرلائن کے پائلٹس کے اچانک چھٹی پر جانے سے مسافروں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
ائرانڈیا کے پائلٹس کی ’ہڑتال‘ کا آج جمعہ کو چوتھا دن ہے جس کی وجہ سے ائرانڈیا نے امریکہ، کینیڈا، اور یورپ جانے والی سبھی پروازیں پندرہ مئی تک منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس تاریخ تک ہوئی بکنگ کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ ائرانڈیا نے مزید نو پائلٹس کو برخاست کردیا ہے جس سے برخاست کیے جانے والے پائلٹس کی تعداد پینتالیس ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ ائرانڈیا کے تقریبا دو سو سے پائلٹس کام پر نہیں آ رہے ہیں۔
ائرانڈیا گزشتہ کچھ سالوں سے مالی بحران کا شکار ہے۔
ائرانڈیا کے ایک سینیئر ملازم نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا ہے کہ ’ہمیں کم از کم دو سالوں سے صحیح وقت پر نہ تو تنخواہ مل رہی ہے اور نہ ہی پوری ادا کی جاتی ہے۔ گزشتہ مہینوں میں تو کمپنی ہمیں بعض اوقات صرف آدھی تنخواہ دیتی تھی۔‘
خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی نے ذرائع کے حوالے بتایا ہے ’ائر انڈیا نے کم از کم سترہ پروازیں منسوخ کی ہیں۔ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے دلی کے کئی پائلٹس نے چھٹی لی ہے کیونکہ انہیں ائرلائن کے چیئرمین سے تحریری طور پر وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں جلد ہی تنخواہ مل جائے گی۔‘
بھارت میں دو اہم اور بڑی ائرلائن کے ملازمین کی ہڑتال کے سبب مسافر پریشانی میں ہیں اور کم پروازیں اڑنے کی وجہ سے انہیں مہنگے ٹکٹ خریدنے پڑ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ کنگفشر ائیرلائن نے مالی پریشانی کے سبب اپنی دو سو سے زیادہ مقامی اور بیرونی پروازیں پہلے ہی بند کردی ہیں۔







