بابا رام دیو کے خلاف تحریک مرعات پیش

بابا رام

،تصویر کا ذریعہPTI

،تصویر کا کیپشنبابا رام دیو کالے دھن کے خلاف مہم چلاتے رہے ہیں

سماجوادی پارٹی کے ایک رکن پارلیمان نے ارکان پارلیمان کے خلاف بیان بازی کرنے پر یوگا گرو بابا رام دیو کے خلاف مراعات شکنی کی تحریک پیش کی ہے۔

بابا رام دیو نے کالے دھن کو واپس لانے کے لیے ملک گیر ’سوابھیمان یاترا‘ شروع کی ہے اور ریاست چھتیس گڑھ میں اس کے آغاز پر اپنے خطاب میں ارکان پارلیمان کو برا بھلا کہا تھا۔

بابا رام دیو نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پارلیمان میں کچھ اچھے لوگ بھی ہیں لیکن ’اس میں چور، قاتل مجرم، لٹیرے ، بدعنوان، بے ایمان اور انسان کے بھیس میں شیطان ہیں اور اس ملک کو پانچ سو تینتالیس بیمار لوگ چلا رہے ہیں‘۔

تحریک مراعات میں بابا رام دیو کو اس بات کے لیے سزا دینے کی بات کہی گئی ہے کہ انہوں نے ارکان پارلیمان کو جو خصوصی حقوق حاصل ہیں اس کی خلاف ورزی کی اور ایوان کے عزت وقار کی توہین کی ہے۔

مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بابا رام دیو کے بیانات کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ عوام کے ذریعے منتخب شدہ ارکان کی اس طرح بے عزتی کر کے بابا نے ملک کے جمہوری ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے۔

سوابھیمان یاترا کے تحت بابا رام دیو ملک کے بیشتر حصوں کا دورہ کریں گے اور پھر جون میں دلی میں وہ بدعنوانی، کالے دھن اور جن لوک پال کے لیے ایک بڑی ریلی کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

گزشتہ برس بابا رام دیو نے کالے دھن کے خلاف دلی میں غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کی تھی جسے پولیس ایکشن کے ذریعے ہٹا دیا گیا تھا۔

حال ہی میں بابا رام دیو نے انّا ہزاے کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ بدعنوانی اور کالے دھن کے معاملے پر ایک ساتھ ہیں اور اس کے خلاف مہم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں گے۔ انا ہزارے نے جون میں بابا رام دیو کی ریلی میں شرکت کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔