کارٹونسٹ کومودی کا کارٹون مہنگا پڑا

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
بھارت کی مغربی ریاست گجرات میں ایک مقامی اخبار کے کارٹونسٹ کو وزیراعلٰی نریندر مودی کا کارٹون بنانا مہنگا پڑ رہا ہے۔
اخباری اطلاعات کے مطابق گجرات کے اندورنِ شہر میں ہریش یادو کو مذہبی جذبات بھڑکانے سےمتعلق ایک قانون کے تحت گرفتار کیا گیا لیکن عدالت نے انہیں بدھ کے روز دس ہزار روپے کی ضمانت پر رہا کر دیا۔
گجرات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے اور ریاست کے وزیر اعلٰی نریندر مودی نے وہاں حال ہی میں ’سماجی ہم آہنگی‘ کے لیے تین دن تک کھانے پینے سے اجتناب کیا تھا۔
حزب اختلاف نے ان کے اس برت کو ’ فائیو سٹار فاسٹ‘ قرار دیا تھا اور ان کےمطابق نریندر مودی اس شو کے ذریعہ وزیراعظم کے عہدے کے لیے اپنی دعویداری پیش کر رہے تھے۔
نریندر مودی کو دو ہزار دو کے مذہبی فسادات کے دوران مسلمانوں کی جان بچانے کے لیے خاطرخواہ کارروائی نہ کرنے کے الزامات کا سامنا ہے اور قومی سطح پر زیادہ بڑا سیاسی رول ادا کرنے کے لیے وہ بظاہر اس تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اسی سلسلے میں مسٹر مودی کا کہنا تھا کہ ریاست کی اقتصادی ترقی سے مسلمانوں کو بھی فائدہ پہنچا ہے اور وہ اب ان کے ساتھ ہیں۔
لیکن تقریبات کے دوران جب ایک مسلمان مذہبی رہنما نے انہیں ٹوپی پہنانے کی کوشش کی تو وزیر اعلٰی نے یہ کہتے ہوئے صاف انکار کردیا کہ ’وہ ٹوپی نہیں پہنتے‘
ہریش یادو نے مودی کے اسی انکار پر کارٹون بنایا تھا جو ان کے اخبار پر بھات کرن میں بیس ستمبر کو شائع ہوا تھا۔ مسٹر یادو ’مصور‘ کا تخلص استعمال کرتے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کارٹون میں مسٹر مودی کو برہنہ دکھایا گیا ہے اور ان کے جسم کا پیچھے کا حصہ ایک ٹوپی سے چھپا ہوا ہے۔

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
اخبار کے مدیر نے پولیس کی کارروائی پر تنقید کرتے ہوئے اسے اظہار خیال کی آزادی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ کارٹون میں کوئی قابل اعتراض بات نہیں تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ اس کارٹون کے خلاف کچھ مسلمانوں نے اعتراض کیا تھا۔ کارٹون میں جو ٹوپی دکھائی گئی تھی اس پر چاند اور ستارے بنے ہوئے تھے۔
اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق مہاراج گنج پولیس سٹیشن کے انچارج سریش سیجوال نے کہا کہ مسٹر یادو کے خلاف ’دانستہ طور پر مذہبی جذبات کو مجروح کرنے‘ کا مقدمہ قائم کیا ہے۔ لیکن اخبار کے مالک پرکاش پروہیت کا دعوی ہے کہ اعتراض کرنے والے لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقلیتی سیل کے ارکان ہیں جو اظہار آزادی کے حق کو کچلنا چاہتے ہیں۔
اخبار نے اس کارٹون کے لیے معافی مانگ لی ہے۔ لیک مسٹر پروہت نے کہا کہ کارٹون سے مصور یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ مسٹر مودی نے ٹوپی نہ پہن کر اپنی شبیہہ کو سدھارنے کا آخری موقع ضائع کردیا ہے۔







