بنگال میں ممتا اور تمل ناڈو میں جے للتا

فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہAFP Getty

،تصویر کا کیپشنممتا بنرجی اورجے للتا دو اہم ریاستوں کی کمان سنبھالیں گی

بھارت کی پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کی ووٹوں کی صبح شروع ہوئی تھی اور اب تک نتائج اور رحجانات کے مطابق ریاست مغربی بنگال میں ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت مل رہی ہے۔\

مغربی بنگال کے وزیراعلی بدھا دیب بھٹہ چارجی نے اپنے عہدے سے استعفی دیدیا ہے اور اس طرح ریاست میں گزشتہ چونتیس برسوں سے جاری کمیونسٹ پارٹیوں کا اقتدار ختم ہو گيا ہے۔

مغربی بنگال

ریاست مغربی بنگال میں دو سو چورانوے نشستیں ہیں جس میں سے تقریبا سوا دو سے کے قریب ممتنا بنرجی کو مل رہی ہیں۔ اس ریاست میں بایاں محاذ گزشتہ چونتیس برسوں سے اقتدار میں تھا۔

کمیونسٹ اتحاد کے خلاف کانگریس پارٹی اور ممتنا بنرجی کی جماعت نے کئی برسوں سے مہم چلا رکھی تھی اور اس بار ترنمول کانگریس اور کانگریس پارٹی کے اتحاد نے انہیں شکست دیدی ہے۔

فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنجیا للتا نے کرونا ندھی کو اور ممتا نے بدھا دیب بھٹہ چاریہ کو شکست دیدی

بایاں محاذ کے رہنماؤں نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے اور کہا ہے کہ وہ ایک تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

جیت پر کولکتہ سمیت ریاست کے کئی علاقوں میں ترنمول کانگریس کے کار کنان جشن منا رہے ہیں۔

تمل ناڈو

جنوبی ریاست تمل ناڈو میں جے للتا نے تمام انتخابی جائزوں کو غلط ثابت کرتے ہوئے کانگریس کی اتحادی جماعت ڈی ایم کے کو بہت پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

تمل ناڈو کی دو سوچونتیس رکنی اسمبلی کے جو نتائج سامنے آئے ہیں اس کے مطابق جے للتا کی جماعت اے آئی ڈی ایم کو تقریبا دو سو سیٹیں مل رہی ہیں۔ اور اس طرح انہیں ریاست میں دو تہائی اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔

گزشتہ دس برس سے مستقل اقتدار میں رہے وزیراعلی کرونا ندھی نے استعفی دیدیا ہے اور اپنی شکست تسلیم کر لی ہے۔ ایم ڈی ایم اور کانگریس اتحاد کو صرف تینتیس سیٹیں ہی ملتی نظر آرہی ہیں۔

آسام

ترون گگوئی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service

،تصویر کا کیپشنآسام کے وزیر اعلی ترون گگوئی تیسری بار کامیاب ہوئے ہیں

لیکن شمال مشرقی ریاست آسام میں کانگریس کو واضح اکثریت مل گئی ہے اور وزیراعلی ترون گگوئي تیسری بار بھی اکثریت سے کامیاب ہوگئے ہیں۔

آسام کی اسمبلی میں کل ایک سو چھبیس سیٹیں ہیں اور اب تک کے نتائج و رجحانات کے مطابق کانگریس نے اسّی سیٹیں مل رہی ہیں۔

آسام میں گزشتہ دس برس سے کانگریس کی حکومت ہے اور اس بار اس کی شکست کی توقع کی جا رہی تھی لیکن یہ نتائج بے غیر متوقع رہے ہیں۔

کیرالا

جنوبی ریاست کیرالہ میں بھی صورتحال واضح ہوگئی ہے جہاں لیفٹ فرنٹ اور کانگریس کی قیادت والے یو ڈی ایف کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔

کانگریس پارٹی کی قیادت والے یو ڈی ایف محاذ کو تین سیٹ سے جیت حاصل ہوئی ہے۔ بائیں بازو کی قیادت والے ایل ڈی ایف محاذ کو اڑسٹھ سیٹیں ملی ہیں جبکہ یو ڈی ایف کو بہتر نشسستیں حاصل ہوئی ہیں۔

عام طور پر کیرالا میں ہر پانچ برس میں حکومت بدل جاتی ہے اور اس بار بھی بدل جائیگی لیکن توقع کے برعکس حکمراں بائیں محاذ نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ صرف تین سیٹ ہی پیچھے ہے۔

ممتا بنرجی اور جیا للتا کے وزیر اعلی بننے کی صورت میں ملک کی چار ریاستوں میں عورتیں حکومت کی سربراہی کریں گی۔ دلی میں شیلا دیکسشت اور اترپردیش میں مایاوتی پہلے سے ہی ان عہدوں پر فائز ہیں۔