سریش کلماڈی عدالتی تحویل میں

سریش کلماڈی

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنکلماڈی کانگریس کے ایک رہنما ہیں جنہیں پارٹی نے معطل کر دیا ہے

بھارت میں دولت مشترکہ کھیلوں کی منتظمہ کیمٹی کے سربراہ سریش کلماڈی کو بدعنوانی کی تفتیش کے سلسلے میں چودہ روز کی عدالتی تحویل میں بھیج دیاگيا ہے۔

انہیں گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا اور جنوری میں انہیں ان کے عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کھیل کی تیاریوں کے دوران کانٹریکٹ دینے میں سازش کرنے جیسے الزامات کے تحت ان پر مقدمہ درج کیا جائیگا۔

مسٹر کلماڈی کرپشن جیسے کسی بھی الزامات سے انکار کرتے رہے ہیں۔

بدھ کے روز سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے مسٹر کلماڈی اور آرگنائزنگ کمیٹی کے ان کے دو ساتھیوں کو عدالتی تحویل میں بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا۔

مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے اوقات اور سکورنگ مشینیوں کی درآمدات میں سوئٹزر لینڈ کی ایک کمپنی کو فائدہ پہنچانے کی سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

کھیل کے دوران اسی طرح کانٹریکٹ دینے کے بعض دیگر بدعنوانی کے الزامات عائد کیےگئے ہیں اور اگر وہ قصوروار پائے گئے تو برسوں کی جیل کی سزا ہوسکتی ہے۔

گزشتہ اکتوبر میں کامن ویلتھ کھیل دلی میں منعغقد کرائےگئے تھے جس میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات لگتے رہے ہیں۔

اس سلسلے میں منتظمہ کمیٹی کے کئی سینیئر افسران کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔