سریش کلماڈی کے مکان پر سی بی آئی چھاپے

کامن ویلتھ کھیلوں میں مبینہ بدعنوانی کی تفتیش کے سلسلے میں مرکزی تفتیشی ادارے سی بی آئی نے بھارتی اولمپک فیڈریشن کے سربراہ سریش کلماڈی کےگھروں پر چھاپے مارے ہیں۔
سریش کلماڈی اکتوبر میں کرائے گئے کھیلوں کی منتظمہ کمیٹی کے چیئرمین بھی تھے۔
مہاراشٹر کے شہر پونے میں ان کے مکان اور دلی میں ان کی رہائش پر سی بی آئي نے تلاشی لی ہے۔ سی بی آئی کی ترجمان ونینتا ٹھاکر نے بتایا ہے کہ ان چھاپوں کی شروعات آج ہی کی گئي ہے۔
دولت مشترکہ کھیلوں کی تیاری کے لیے حکومت نے جو رقم مختص کی تھی اس سے تقریبا دوگنا پیسہ کھیل کرانے کے لیے خرچ کرنے پڑے ہیں اور اس میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے الزامات لگتے رہے ہیں۔
کھیل کے اختتام کے بعد وزیراعظم منموہن سنگھ نے اس معاملے کی تفتیش کے احکامات دیے تھے اور اب تک کارروائی کے تحت بعض افراد کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
لیکن سریش کلماڈی کے گھر پر تلاشی کا کام پہلی بار ہوا ہے۔ مسٹر کلماڈی کا تعلق حکمراں جماعت کانگریس پارٹی سے بھی ہے۔
اس سے پہلے سی بی آئی نے اس سلسلے میں جن افراد کوگرفتار کیا تھا ان کا کہنا ہے کہ کھیل کی تیاریوں میں جو بھی فیصلے کیے گئے وہ سب مسٹر کلماڈی کی مرضی سے ہوئے تھے۔
مسٹر کلماڈی کے بعض قریبی ساتھی جو کھیل کی تیاریوں میں ان کے ساتھ تھے اس وقت دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔ کھیل منتظمہ کمیٹی کے ڈائیریکٹر ٹی ایس درباری اور نائب ڈائیریکٹر سنجے مہندرو عدالتی تحویل کے تحت جیل میں ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تمام اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ مسٹر کلماڈی کے ساتھ یہ کارروائی بہت تاخیر سے ہوئی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ حکومت ظاہری طور پر اس طرح کی کارروائیاں کروا رہی ہے تاکہ وہ عوام کو دکھا سکے۔ لیکن وہ اس معاملے کے باری میں سنجیدہ نہیں ہے۔







