گانے کے مقابلے میں پاکستانی بچوں پر ہنگامہ

مہاراشٹر کی علاقائی سیاسی جماعت مہاراشٹر نو نرمان سینا نے سٹار پلس کے ٹی وی شو ’چھوٹے استاد‘ میں پاکستانی بچوں کی شمولیت پر ہنگامہ کیا۔ ’سنے ورکرز ایسوسی ایشن‘ کے صدر امیا کھوپکر نے ٹی وی چینل کو دھمکی دی ہے کہ وہ اپنے شو میں کسی بھی پاکستانی کو شامل نہ کریں ورنہ نتائج کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے۔
کھوپکر نے بی بی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہندستان پر حملہ ہوا جس میں بے شمار بچے یتیم ہوئے۔ لوگ ابھی ان زخموں کو بھولے نہیں ہیں۔ ہم کس طرح برداشت کریں کہ پاکستان سے لوگ یہاں آئیں اور یہاں کے لوگ انہیں خوش آمدید کہیں‘۔
کھوپکر کے مطابق انہوں نے چینل کو متنبیہ کیا ہے لیکن اگر اس کے باوجود انہوں نے بچوں کو شامل کیا تو ان کی یونین ہنگامہ کرنے سے باز نہیں آئے گی۔ کھوپکر کا دعویٰ ہے کہ یہ ان کی اپنی یونین کی آواز نہیں بلکہ ہندوستان کے بے شمار لوگ یہی چاہتے ہیں۔
فلمساز مہیش بھٹ نے منسے کی اس نفرت کی پالیسی پر افسوس ظاہر کیا اور کہا کہ یہ ذہنی دیوالیہ پن کی نشانی ہے۔ چھوٹے بچوں کے شو کو نشانہ بنانا بہت ہی افسوسناک امر ہے۔ ’آپ کس طرح بچوں کو اپنے مقصد کے لیے استعمال کر سکتے ہو‘۔
فلم انڈسٹری میں منسے کی اس کارروائی کی سخت مذمت کی گئی ہے لیکن کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے منسے کی حمایت میں اپنی آواز بلند کی ہے۔ گلوکار ابھیجیت ہمیشہ سے ہی پاکستانی گلوکاروں کے ہندستان میں آکر گانے کے خلاف تھے اور انہوں نے کھل کر احتجاج بھی کیا تھا لیکن اب انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے صدر ٹی پی اگروال نے بھی منسے کی اس تحریک کا ساتھ دیا انہوں نے بی بی سی سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’پاکستان نے کبھی ہمارے گلوکاروں کو اپنے یہاں گانے کا موقع نہیں دیا۔ گانے تو چھوڑیے وہ ہماری کوئی فلم اس وقت تک اپنے یہاں ریلیز نہیں کرتے جب تک وہ دبئی سے ان کے یہاں ریلیز نہ ہو یا اس میں کسی پاکستانی شہری کا سرمایہ نہ لگا ہو‘۔
اگروال کے مطابق ہندوستان نے ہمیشہ تعلقات بنائے رکھنے پر زور دیا لیکن پاکستان کا رویہ ہمارے فنکاروں کے لیے اچھا نہیں ہے تو پھر ہم کیوں ان کے یہاں کے فنکاروں کو اپنے یہاں آنے دیں؟
سٹار پلس کے پروگرام منتظمین سے رابطہ قائم نہیں ہو سکا۔ چینل کے ترجمان نے بتایا کہ شو کا پورا یونٹ چار دنوں کے لیے آؤٹ ڈور شوٹنگ پر گیا ہے۔ لیکن باوثوق ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق منسے کسی طرح کا ہنگامہ نہ کرے اس لیے اب یہ پروگرام کسی انجان جگہ پر شوٹ کیا جا رہا ہے۔
سٹار پلس پر گائیکی کا مقابلہ ہو رہا ہے جس میں بچوں کی جوڑیاں بنائی گئی ہیں ایک بچہ ہندستانی اور دوسرا پاکستانی۔ اس شو کے میزبان گلوکار سونو نگم اور راحت فتح علی خان ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
منسے نے اس قبل کامیڈین شکیل صدیقی کے خلاف بھی ہنگامہ برپا کیا تھا اور سونی چینل کو دھمکی دی تھی جس کے بعد صدیقی کو پاکستان واپس لوٹنا پڑا تھا۔ دوسرے سیزن میں ان کی واپسی کے بعد بھی منسے نے اسی طرح ہنگامہ کیا اور صدیقی کو ایک بار پھر وطن لوٹنے پر مجبور ہونا پڑا۔







