ایلوس پریسلی کی زلفوں کی نیلامی

مشہور امریکی پاپ گلوکار اور اداکار ایلوس پرسلی کے سر کے کچھ بال پندرہ ہزار امریکی ڈالر ميں فروخت کیے گئے ہیں۔
خیال کیا جا رہا ہے کہ ایلوس پرسلی کے یہ بال اس وقت کے ہیں جب وہ 1958 میں امریکی فوج میں بھرتی ہوئے تھے اور اس وقت ان کی حجامت کی گئی تھی۔
پرسلی کے یہ بال ان سے متعلق تقریباً دو سو دیگر چیزوں کا حصہ تھے۔ ان چیزوں کو شیکاگو میں ہوئی ایک نیلامی میں رکھا گیا تھا جس میں ان کے پسینے کے دھبے والے سکارف ، نہانے والا گاؤن اور کچھ ریکارڈز شامل تھے۔
اس کے علاوہ ان کی ایک شرٹ بھی اس نیلامی میں باؤن ہزار امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی ہے۔
یہ تمام چیزیں ایلوس پریسلی کے ایک دوست گیری پیپر کے ہیں۔ ان کا انتقال ہو چکا ہے اور وہ ایلوس پریسلی کے پرستاروں کا کلب چلایا کرتے تھے۔ پیپر انیس سو اسّی میں انتقال کر گئے تھے۔
ایک خریدار نے ایلوس کی جانب سے ایک شو ميں استعمال کیے گئے رومال کو سات سو بتیس امریکی ڈالر میں خریدا۔ وہیں 1967 میں ایلوس پریسلی اور پریسلہ کی شادی کی تصاویر چھ ہزار امریکی ڈالر میں فروخت ہوئی ہیں۔
شیکاگو کے لیس لی ہنڈمین نامی نیلام گھر نے خردینے والے لوگوں کے ناموں کی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔
اس نیلامی سے جمع ہوئی رقم کا ایک حصہ یونائٹڈ سریبرل پالسی تنظيم میں جائے گا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







