’ہالی وڈ اور بالی وڈ کا عظیم ملاپ‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہندستان کی سر زمین پر بالی وڈ اداکاروں کے ساتھ ہالی وڈ کی تخلیقی ٹیم نے فلم بنائی اور وہ آسکر ایوارڈ کے دس شعبوں میں نامزد ہوئی جبکہ بالی وڈ اداکار عامر خان کی اپنی فلم ’تارے زمیں پر‘ آسکر کی دوڑ سے ہی باہر ہو گئی تھی۔ سلم ڈاگ ملینئیر کے ہدایت کار ڈینی باؤل نے اپنی فلم کی آسکر میں کی گئی نامزدگی پر کہا کہ یہ ہالی وڈ اور بالی وڈ کا عظیم ملاپ ہے اور وہ اس وقت بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ جس وقت لاس اینجلیس میں آسکر ایوارڈ کے لیے نامزدگی کا اعلان کیا جا رہا تھا ، اس وقت فلم سلم ڈاگ ملینیئر کی پوری تخلیقی ٹیم اور سارے اداکار ممبئی کے آئی میکس ایڈ لیب ملٹی پلیکس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے روبرو تھے۔ فلم کا پورا یونٹ اپنی خوشی کا اظہار تالیاں بجا کر اور موسیقار اے آر رحمن کے گیت ' جے ہو ' گا کر کر رہے تھے۔باؤل نے بتایا کہ رحمن اس وقت چینئی میں واقع اپنے سٹوڈیو میں فلم دلی سکس کی موسیقی پر کام کر رہے ہیں۔ رحمن کو ان کے دو گیتوں کے لیے نامزدگی ملی ہے ایک ’جے ہو‘ اور دوسرا ’او سایہ‘ ، اور بہترین میوزک لکھنے پر بھی ایک نامزدگی ملی ہے۔فلم کے گیت گلزار نے لکھے ہیں۔اس سے قبل رحمن کو اسی فلم میں بہترین موسیقی کے لیے گولڈن گلوب ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
فلم کمپنی فوکس سٹار سٹوڈیو کے چیئرمین جین جینوپولیس اور پروڈیوسر کرسٹن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ باؤل کے مطابق ممبئی ایک عظیم شہر ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے ان کا ممبئی سے متعلق نظریہ بالکل الگ تھا لیکن یہاں فلم بنانے کے لیے انہوں نے جو وقت گزارا ہے اس سے انہیں لگتا ہے کہ یہ ایک عظیم شہر ہے اور یہاں فنکاروں کی بھی کمی نہیں ہے۔ انہوں نے فلم میں اداکاری کرنے والے بچوں دیو پٹیل ، فریڈا پنٹو، مدھر میتھال، آیوش ، تنئے، آسوتوش اور روبینہ کا تعارف کراتے ہوئے کہا اتنی کم عمری میں انہیں ہالی وڈ سے پہچان مل گئی ہے۔ فلم میں انیل کپور نے ایک پروگرام شو کے میزبان کے طور پر کام کیا ہے عرفان خان ایک پولیس افسر بنے ہیں۔ عرفان خان نے بھی ڈینی باؤل کی ہی طرح کہا کہ اگر یہاں کا سسٹم اجازت دیتا ہے تو بالی وڈ اور ہالی وڈ کے اشتراک سے مستقبل میں اسی طرح کی بہترین فلمیں بن سکتی ہیں۔ فلم کی کہانی ہندستانی مصنف وکاس سوروپ کے ناول 'کیو اینڈ اے ' پر مبنی ہے۔ یہ کہانی ممبئی کی کچی آبادی میں زندگی گزارنے والے بچوں کے گرد گھومتی جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک گیم شو میں حصہ لے کر کس طرح جمال کروڑ پتی بن جاتا ہے۔ اس فلم کی ایک طرف جہاں پوری دنیا میں تعریف ہو رہی ہے وہیں ہندستان میں یہ تنازعہ کا سبب بن گئی ہے۔سب سے پہلے بالی وڈ اداکار امیتابھ بچن نے اس پر اعتراض کیا کہ فلم میں انڈیا کو تیسری دنیا کے ایک گندے ملک کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔اسی کے ساتھ بہار کے شہر پٹنہ کے ایک شخص نے عدالت میں اس فلم کے خلاف عرضداشت داخل کی ہے۔ممبئی میں اداکار انیل کپور کے گھر کے باہر جمعرات کے روز چند لوگوں نے مظاہرے کیے۔ ملک میں اب یہ بحث کا موضوع بن گیا ہے کہ کیا ملک کی غربت اور کچی بستی کو دکھا کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش ہے۔فلم میں کام کرنے والے اداکار انیل کپور اور عرفان خان نے اس پر کہا ہے کہ جو کچھ فلم میں دکھایا گیا ہے ، حقیقت اس سے بھی کہیں زیادہ بدتر ہے۔ | اسی بارے میں ’سلم ڈاگ ملینیئر‘ کے چار ایوارڈ12 January, 2009 | فن فنکار ڈارک نائٹ کے لیے پانچ ایوارڈز08 January, 2009 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||