ہالی وڈ اداکار ہیتھ لیجر انتقال کرگئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
’بروک بیک ماؤنٹین‘، ’پیٹریاٹ‘ اور اے نائٹس ٹیل‘ جیسی ہالی وڈ فلموں میں کام کرنے والے آسٹریلوی نژاد اداکار ہیتھ لیجر نیویارک میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔ ان کی لاش منگل کو مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے کے قریب اس وقت دریافت کی گئی جب ان کے اپارٹمنٹ کی ایک ملازمہ انہیں مساج کرنے والے کی آمد کے بارے میں مطلع کرنے گئی۔ نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ ’وہ اپنے اپارٹمنٹ میں بے ہوش ملے اور پھر انہیں مردہ قرار دے دیا گیا‘۔ نیویارک پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس موت کو مشکوک تصور نہیں کر رہی اور ان کی لاش کے پاس سے دوائی کی گولیاں بھی ملی ہیں۔اطلاعات کے مطابق پولیس ان خطوط پر تفتیش کر رہی ہے کہ ہیتھ لیجر کی موت مقررہ حد سے زیادہ دوائی کھانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ پولیس کے ترجمان پال براؤن نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا’ گولیاں بستر کے قریب ہی پڑی ہوئی تھیں‘۔ نیویارک میں بی بی سی کے نمائندے میتھیو پرائس کا کہنا ہے کہ ہیتھ کی موت کے حوالے سے خودکشی کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔
اٹھائیس سالہ ہیتھ کے والد کم لیجر نے اس واقعے کو ’المناک‘ اور ’حادثاتی‘ قرار دیا ہے۔ آسٹریلیا کے شہر پرتھ سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا ایک’منکسر المزاج، سخی، نرم دل، بےغرض اور زندگی سے پیار کرنے والا شخص تھا‘۔ فلم ’بروک بیک ماؤنٹین‘ کے ہدایتکار آنگ لی کا کہنا ہے کہ ان کی فلم میں لیجر کی اداکاری ایک ’معجزہ‘ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ لیجر کو مشہور اداکار مارلن برانڈو سے تشبیہ دیتے تھے۔ یاد رہے کہ ہیتھ لیجر کو’بروک بیک ماؤنٹین‘ کے لیے آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔ | اسی بارے میں اینگ لی اور ان کی فلم بہترین12 December, 2005 | فن فنکار اینگ لی کی فلم 4 بافٹا بھی لے گئی 20 February, 2006 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||