پیرس ہِلٹن جیل میں واپس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہلٹن ہوٹلوں کی وارث پیرس ہِلٹن کو لاس اینجلس کی عدالت نے دوبارہ جیل بھیج دیا ہے۔ انہیں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ پر دی گئی پروبیشن یا رعایت کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں عدالت نے پینتالیس دن کی قید کی سزا سنائی تھی لیکن جیل کے اہلکاروں نے انہیں تین دن کے اندر ہی واپس گھر بھیج دیا تھا۔ جیل کے حکام پر الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے پیرس ہِلٹن کے ساتھ خصوصی سلوک کیا۔ جیل کے اہلکاروں نے غیرشناخت شدہ طبی حالت کی وجہ سے انہیں اپنے گھر میں سزا کی مدت گزارنے کی اجازت دی تھی۔ لیکن جمعہ کے روز ان کی رہائی کی اطلاع ملتے ہی عدالت نے انہیں پھر طلب کیا اور حکم دیا کہ وہ مکمل پینتالیس روز قیدخانے میں گزاریں۔ پیرس ہِلٹن کی رہائی سے عوامی سطح پر جیل کے حکام کے خلاف آوازیں اٹھنے لگی تھیں اور ناقدین کا کہنا تھا کہ پیرس ہِلٹن کو خصوصی رعایت اس لیے دی گئی ہے کیونکہ وہ امیر ہیں۔ جمعہ کے روز پیرس ہِلٹن ہتھکڑی پہنی ہوئیں عدالت میں حاضر ہوئیں اور سماعت کے دوران روتی رہیں۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ انہیں پینتالیس دن مکمل جیل میں گزارنے ہونگے۔ عدالت کا حکم سنتے ہی پیرس ہِلٹن نے کہا: ’یہ ٹھیک نہیں ہے۔‘ پھر انہوں نے عدالت میں موجود اپنی ماں سے بات کی اور انہیں جیل لے جایا گیا۔ جیل کے حکام اب ایک طبی جانچ کے بعد فیصلہ کرینگے کہ پیرس ہِلٹن کو کس جیل میں رکھا جائے۔ یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ جیل کے حکام نے کس طبی حالت کی وجہ سے انہیں خصوصی رعایت دی تھی۔ | اسی بارے میں پیرس ہلٹن دوبارہ عدالت میں طلب08 June, 2007 | صفحۂ اول پیرس ہلٹن کو 45 دن قید کی سزا05 May, 2007 | فن فنکار یاہو پر لوگوں کو برٹنی کی تلاش06 December, 2006 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||