 | | | فلم میں ایک ایسے آدمی کی زندگی کو اجاگر کیا گیا ہے جس نے پولینڈ میں ایک عام آدمی کی حیثیت سے زندگی کی ابتدا کی |
ویٹیکن سے پوپ جان پال کی زندگی پر مبنی ایک کارٹون کہانی جاری کی جا رہی ہے۔ اس فلم کا نام ’تمام انسانیت کا دوست‘ رکھا گیا ہے۔ اور یہ پوپ جان پال کے حالاتِ زندگی پر خاکوں کے ذریعے بنائی جانے والی پہلی فلم ہے۔ اس فلم میں ایک ایسے آدمی کی زندگی کو اجاگر کیا گیا ہے جس نے پولینڈ میں ایک عام آدمی کی حیثیت سے زندگی کی ابتدا کی اور بالآخر دنیا کے جن کروڑوں انسانوں کی رہنمائی کی جو کیتھولک عقیدہ رکھتے ہیں۔ دو سفید فاختاؤں کے ذریعے بیان کی جانے والی اس کہانی میں ان کے ذاتی قلم اور ڈائری بھی کردار ہیں۔ اس فلم کے خالق اینیمیشن پروڈیوسر ہوزے لوئی لوپز گوردیا ہیں۔ ویٹیکن روانگی سے پہلے بی بی سی ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ’پوپ کی زندگی پر اب تک کئی فلمیں بن چکی ہیں لیکن اب تک کوئی اینیمیٹڈ فلم نہیں بنی تھی‘۔ ان کا کہنا ہے کہ ’یہ فلم میرے لیے دوہری ہمیت رکھتی ہے۔ ایک تو یہ کہ اس کے ذریعے پوپ جان پال کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے اور پھر میری والدہ کے حوالے سے جو پوپ جان پال کی انتہائی مداح ہیں‘۔ ہوزے لیوس کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس فلم کے لیے گلابی چونچوں والی دو فاختاؤں کا انتخاب کیا ہے جو پوپ جان پال دوم کی کہانی بیان کر رہی ہیں۔
 | | | فلم میں گلابی چونچوں والی دو فاختائیں پوپ جان پال دوم کی کہانی بیان کر رہی ہیں۔ |
ہوزے کے مطابق پوپ جان پال کی کہانی اتنی سنجیدہ،گھبیر اور اداس کرنے والی ہے کہ انہیں اس میں مزاحیہ کردار بھی ڈالنا پڑے تا کہ بچوں کی دلچسپی بھی برقرار رہے۔گیارہ ماہ میں تیار کی جانے والی اس فلم کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور فلم نصف گھنٹے پر مشتمل ہے۔ انہیں توقع ہے کہ یہ فلم خاص طور پر بچوں میں پسند کی جائے گی۔ |