گِبسن، یہودیوں سے متعلق بیان پر شرمندہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ہالی وڈ کے اداکار اور ہدایتکار میل گِبسن کا کہنا ہے کہ جولائی میں انہوں نے یہودیوں کے خلاف جو کلمات کہے تھے وہ شاید، ان کی فلم ’پیشن آف کرائسٹ‘ پر یہودیوں کی طرف سے تنقید کی حدوں کو پار کرنے کا ردعمل تھے۔ اٹھائیس جولائی کو میل گِبسن کو کیلیفورنیا میں نشے کی حالت میں گاڑی چلانے کے جرم میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پولیس افسران کے سامنے بیان دیتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ’دنیا میں تمام جنگوں کے ذمہ دار یہودی ہیں،۔ گِبسن نے بعد میں اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگی۔ امریکہ کے اے بی سی چینل کے کے ’گُڈ مارننگ امریکہ‘ پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے ایک بار پھر، گِبسن نے اپنے کلمات پر شرمندگی کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ سب شراب کے نشے اور تنقید در تنقید کا نتیجہ تھا۔ میل گِبسن نے کہا کہ ’مجھے سرعام تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ میں نے وہ مسئلہ بھی حل کر لیا۔ لیکن انسان کا دل ایک حد تک ہی تنقید کے نشتروں کو برداشت کر سکتا ہے اور جب تھوڑی شراب پینے کے بعد آپ پر نشہ سوار ہو جائے تو سارا غصہ باہر نکلنے لگتا ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ جولائی میں یہودیوں کے خلاف ان کا بیان دراصل اس وقت، لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے متعلق ان کی سوچ کا نتیجہ تھے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ ’یہودی کس چیز کے ذمہ دار ہیں؟‘ تو ان کا جواب تھا کہ ’یہودیوں کو مشرقِ وسطیٰ کے بحران سے بری نہیں کیا جا سکتا۔‘ میل گِبسن نے مزید کہا کہ ’جب آپ نشے کی حالت میں ہو تو آپ غلط طریقے سے اپنی سوچ کا اظہار کرنے لگتے ہیں۔ میں آج اپنے پورے ہوش و حواس میں، قومی ٹیلی وژن پر یہ بات واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ میں اس بات پر یقین نہیں رکھتا کہ یہودی دنیا کی تمام جنگوں کے ذمہ دار ہیں۔‘ ’یہ تو نشے کی حالت میں، غصے سے بھرا ہوا بیان ہے۔‘ گِبسن خود، کیتھولِک عیسائی ہیں اور اسقاطِ حمل، ضبطِ تولید اور طلاق کے شدید ناقدین میں شمار کیئے جاتے ہیں۔ دو ہزار چار میں انہوں نے حضرت عیسیٰ کے مصلوب ہونے اور اس سے پہلے کے واقعات پر مبنی فلم ’دی پیشن آف کرائسٹ‘ بنائی تھی۔ اس فلم کے منظرِعام پر آنے کے بعد یہودیوں کی طرف سے میل گِبسن پر شدید تنقید کی گئی تھی اور انہیں یہودی مخالف سوچ کا علمبردار کہا گیا تھا۔ یہودی رہنماؤں نے میل گِبسن کی طرف سے ایک بار پھر معافی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ | اسی بارے میں فلم متنازع سہی مگر شاہکار ہے01 March, 2004 | فن فنکار ایک اور ’متنازعہ‘ فلم کا عزم21 March, 2004 | فن فنکار نشےمیں ڈرائیونگ، گبسن کی معافی30 July, 2006 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||