فلم فیئر میگزین کو عامر خان کا نوٹس | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بالی وڈ کے نامور اداکار عامر خان نے’ٹائمز آف انڈیا‘ گروپ کی فلمی میگزین ’فلم فیئر‘ پر ہتکِ عزت کا دعوٰی کرتے ہوئے انہیں اکیس کروڑ روپے ہرجانے کی ادائیگی کا قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ عامر خان کے وکیل آنند ڈیسائی نے کہا ہے کہ فلم فیئر ایوارڈ میں ان کے موکل کی اجازت کے بغیر اشتہارات میں ان کی تصاویر شائع کی گئی ہے۔ نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ فنکاروں کی نامزدگی کے سلسلہ وار اشتہارات دیے گئے جس میں ان کے موکل کی تصویر اور نام شائع کیا گیا جس پر ان کے موکل نے اعتراض کیا ہے۔ عامر خان کے وکیل کا یہ بھی کہنا ہے اس کے علاوہ تصویر شائع کرنے کے ساتھ اس اشتہار میں جس طرح کے جملے استعمال کئے گئے ہیں اس سے ان کے موکل کی بےعزتی ہوئی ہے۔ ایڈوکیٹ آنند ڈیسائی کا کہنا ہے کہ ان کے موکل بھارتی فلمی صنعت اور بالی وڈ کے علاوہ دنیا میں ایک نامور شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں اور ان کے خلاف اس طرح کا پروپیگنڈہ ’ان کی عزت کے ساتھ کھلواڑ ہے‘۔ ٹائمز آف انڈیا گروپ کے ایک اعلی عہدیدار نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ’انہیں نوٹس سنیچر کے روز ہی مل چکا تھا لیکن چونکہ سنیچر کے روز وہ فلم فیئر ایوارڈ پروگرام میں بہت مصروف تھے اس لیئے اب پیر کے روز دفتر کے قانونی ماہرین سے مشورہ لینے کے بعد نوٹس کا جواب دیا جائے گا‘۔ فلمی دنیا میں مشہور ہے کہ عامر خان کچھ عرصہ سے کسی بھی ایوارڈ فنکشن سے دور ہی رہتے ہیں۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ فلم’جو جیتا وہی سکندر‘ کے بعد سے وہ اس طرح کے ایوارڈ پروگراموں سے دور ہی رہتے ہیں اور نہ کبھی کسی ایوارڈ پروگرام میں شرکت کرتے ہیں۔ فلم ’لگان‘ کی کامیابی پر ان کی اس فلم کو کئی ایوارڈز کے لئے نامزد کیا گیا تھا اس کے باوجود عامر کسی پروگرام میں شریک نہیں ہوئے۔ عامر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر خان کی نظروں میں پاپولر ایوارڈز کی اہمیت نہیں رہ گئی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ عامر خان کے لیئے سب سے بڑا ایوارڈ ان کے مداح ہیں اس لیئے عامر نے چند ایک ٹی وی چینلوں کو اگر انٹرویو دیا بھی تو وہ اپنے مداحوں کے ساتھ۔ | اسی بارے میں گیارہ ایوارڈ بلیک کے نام25 February, 2006 | فن فنکار عامرخان کی نئی فلم پر فضائیہ معترض10 January, 2006 | فن فنکار عامر خان کی دوسری شادی28 December, 2005 | فن فنکار منگل پانڈے لوکارنوفیسٹیول میں 14 July, 2005 | فن فنکار | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||