پاکستانی فنکاروں کا 'کاروانِ محبت' | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لیے ٹی وی اور فلم فنکار بھی سرگرم ہو گئے ہیں۔ پاکستان ٹیلیویژن کراچی مرکز کے فنکاروں نے کارروانِ محبت کے نام سے اپنی مہم کا آغاز کیا ہے۔ یہ فنکار بازاروں اور رہائشی علاقوں میں جا کر لوگوں سے متاثرین کے لیے عطیات جمع کر رہے ہیں۔ پی ٹی وی کراچی سینٹر کے ترجمان کے مطاق کاروانِ محبت میں شامل لوگ شاپنگ سینٹرز اور رہائشی علاقوں میں جائیں گے جہاں وہ لوگوں سے زلزلہ زدگان کی مدد کی اپیل کریں گے۔ کاروانِ محبت میں شکیل، بہروز سبزواری، زوہیب حسن، بدرخلیل، روبینہ اشرف، زیبا شہناز اور شبیر جان جیسے فنکار بھی شامل ہیں۔ ان فنکاروں نےگزشتہ روز سندھ کے گورنر سے ملاقات کی جنہوں نے ان کو پانچ لاکھ نقد عطیہ دیا۔ اداکار بہروز سبزواری نے بی بی سی کو بتایا کہ اس کارروان میں ہر محب وطن فنکار شامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ' کراچی اتنا بڑا شہر ہے۔ ہم روزانہ چار سے پانچ گھنٹے لوگوں کے پاس جائیں گے۔ کراچی کے لوگ بہت زندہ دل ہیں ہمیں زبردست ریسپانس مل رہا ہے۔ہمیں اپنے لوگوں پر فخر ہے'۔ انہوں نے بتایا کہ جو غریب بچے کنگھی اور ازار بند بیچتے ہیں وہ بھی اس مقصد کے لیے دس دس روپے دے جاتے ہیں۔ کاروانِ محبت کے ذریعے جمع ہونے والی رقومات صدارتی فنڈ میں جمع کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ کراچی میں اس سے قبل نوجوان گلوکار فخر ِعالم نے متاثرین کے لیے بڑی تعداد میں اشیاء جمع کی تھیں جبکہ ادکارہ ریشم اور میرا بھی متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کا اعلان کر چکی ہیں۔ اسی طرح اندرون سندھ میں مقامی سندھی چینل کے فنکاروں نے بھی کیمپ لگائے ہیں۔ جہاں مقامی آرٹسٹ لوگوں کو عطیات کے لیے اپیل کر رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||