امریش پوری انتقال کرگئے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انڈیا کے مشہور اداکار امریش پوری بدھ کی صبح ممبئی میں دماغ کی شریان پھٹ جانے سے انتقال کر گئے۔ ستر برس سے زیادہ عمر کے امریش پوری کی صحت پچھلے ماہ سے خراب چلی آرہی تھی۔ امریش پوری انیس سو بتیس میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی فلمی زندگی کا آغاز انیس سو اکہتر میں فلم ’ریشما اور شیرا‘ سے کیا تھا۔ وہ آرٹ فلموں کے مشہور ایکٹر اوم پوری کے بھائی تھے اور ابتدائی طور پر فلموں میں ہیرو کے طور پر کام کرنا چاہتے تھے لیکن پروڈیوسرز نے انہیں ولن کے روپ میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بالی وڈ میں فلمی ولن کے کردار کے طور پر انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا کئی برسوں تک منوایا۔ انیس سو ستاسی میں بننے والی فلم ’مسٹر انڈیا‘ میں اپنے ایک کردار ’موگامبو‘ کی وجہ سے امریش پوری کو لا زوال شہرت ملی۔ اس کے علاوہ انہیں اسی اور نوے کی دہائی میں فلم ’ودھاتا‘، ’پھول اور کانٹے‘ اور ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے حوالے سے بھی خاصی شہرت حاصل ہوئی۔ دسمبر میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہلچل‘ ان کی آخری بڑی فلم تھی۔ امریش پوری نے ہالی وُڈ کی متعدد فلموں میں بھی کام کیا جن میں انیس سو چوراسی میں ہالی وڈ کے مشہور ہدایتکار سٹیون سپیلبرگ کی فلم ’انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم‘ کے سبب انہیں بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔ امریش پوری نے رچرڈ اٹینبرا کی فلم ’گاندھی‘ میں ایک عام کردار ادا کیا تھا۔ توقع ہے کہ ان کی آخری رسومات جمعرات کو ادا کی جائیں گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||