دِلّی میں گھوم تانا کی ریلیز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی موسیقار و گلو کار سلمان احمد نے اپنے نۓ ویڈیو میوزک البم "دھوم تانا" کو بڑی دھوم دھام سے ہندوستان میں بھی ریلیز کردیا ہے۔ سلمان احمد پاکستان کے راک گروپ جنون کے بانیوں میں سے ایک ہیں لیکن اس بار انہوں نے اپنے گروپ کے ساتھیوں کی بجائے ہندوستانی فنکاروں کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔ سلمان احمد دِلّی میں اپنے البم کے افتتاح کے سلسے میں آئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے بی بی سی کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اپنے نۓ البم پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تو گھوم تانا مقبول ہو ہی رہا ہے ہندوستان میں تجارتی طبقے نے اور غیر سرکاری تنظیموں ، طلباء اور فنکاروں کے ایک بڑے طبقے نے بھی اسے کافی سراہا اور حوصلہ افزائی کی ہے۔ اس البم کے متعلق بات کرتے ہوئے سلمان نے کہا کہ " گھوم تانا ایک قسم کا دستاویزی البم ہے اور اسکا تعلق میری ماں کی جائے پیدائش پٹیالہ سے ہے، میں نے اسی کی یاد میں ایک کہانی لکھی تھی اور بعد میں اسی موضوع پر ایک گيت بھی لکھ ڈالا، کوشش تو یہ تھی کہ اپنے سفر کی داستان کو خوبصورت انداز میں پیش کروں لیکن حقیقت میں یہ کہانی مجھ جیسے ان لاکھوں لوگوں کی ہے جنکے والدین ہندوستان سے ہیں یا پھر پاکستان سے ہیں”۔ سلمان نے کہا کہ ”ہم جیسے بہت سے لوگوں کے ذہنوں میں تصورات ابھرتے رہتے ہیں کہ آخر انکے نانا نانی کا آبائی وطن کیسا ہوگا ۔ اس کا خاص مقصد دونوں ممالک کے درمیان امن و سلامتی کے مشن کو آگے بڑھانا ہے" ۔ سلمان احمد نے بتایا کہ گھوم تانا البم کی تکمیل میں بہت سے ہندوستانی اور پاکستانی فنکاروں نے کام کیا ہے لیکن شبھا مدگل کی آواز، مشہور اداکارہ نندِتا داس اور نصیرالدین شاہ کا اس میں شامل ہونا انکے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ سلمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اس البم کو دیکھ کر جہاں بہت سے افراد محظوظ ہوئے وہیں کئی ناظرین کی آنکھیں نم ہو گئی تھیں۔ اسی طرح ہندوستان میں بھی کئی لوگ جذباتی ہو رہے تھے۔ ایک سوال کے جواب میں سلمان نے بتایا کہ ہندوستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ جنون راک بینڈ بکھر گیا ہے بلکہ وہ پہلے ہی کی طرح برقرار ہے اور آئندہ بھی مِل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ اس کہانی کو انہوں نے خود ہی لکھا اور ذاتی پیسے بھی خرچ کیے اس لیے انہوں نے موضوع کے لحاظ سے دوسرے فنکاروں کو منتخب کیا۔ سلمان احمد کا کہنا تھا کہ اس سے قبل جنون کے دوسرے رکن عظمت علی نے بھی پوجا بھٹ کی فلم پاپ میں ایک گیت "گرج برس" میں کام کیا تھا ۔ سلمان ایڈز کے بارے میں بیداری پیداکرنے کے تعلق سے اقوام متحدہ کے ایک نمائندے ہیں اور اسی لیے دِلّی میں اقوام متحدہ کے دفتر میں انہیں ایڈز کے تعلق سے ایک خطاب کے لیۓ بھی مدعو کیا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||