وٹاندرا: چھ کی ایک ڈرامہ تنظم | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
لاہور میں چھ مختلف تھیٹر تنظیموں نے مل کر وٹاندرا (تبادلہ) کے نام سے ایک نئی تھیٹر تنظیم بنانے کا اعلان کیا ہے جو خاص طور پر نوجوانوں میں تھیٹر کی ترقی اور فروغ کے لیے کام کرے گا۔ اس تنظیم میں نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) کی تنظیم الف اداب اور این سی اے پتلی تماشہ، تنظیم پپٹئرز، یونیورسٹی آف انجینئیرنگ اور ٹیکنالوجی کی ڈرامیٹک سوسائٹی اور پنجاب یونیورسٹی کی تنظیم ناٹک اور لوک رہس شامل ہیں۔ لوک رہس کے ترجمان شعیب اقبال نے آج لاہور پریس کلب میں اس نئے گروپ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ نوجوانوں کی ایک ایسی تنظیم ہوگی جو غیر کاروباری ہوگی اور منافع کے بغیر کام کرنے کے اصول پر تھیٹر کے لیے کام کرے گی۔ وٹاندرا یعنی تبادلہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے اس تنظیم کا مقصد یہ ہے کہ نوجوانوں اور رضاکاروں کا باہمی تعلق بنایا جائے تاکہ عالمی امدادی اداروں کے تعاون سے آرٹ کی مختلف قسموں کے لیے کام کیا جاسکے۔ وٹاندرا کوشش کرے گی کہ آرٹ اور تھیٹر کے ہنر کا تبادلہ کیا جائے اور تعلیمی اداروں میں اس کی ترقی کے لیے کام کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کا مقصد معاشرے میں آرٹ کی مختلف شکلوں کے لیے کام کرنے والوں کی طاقت میں اضافہ کرنا ہو گا۔ اس گروپ کے مقاصد میں یہ بھی شامل ہے کہ نوجوانوں کی طرف سے تھیٹر کے کھیل بنائے جائیں اور تھیٹر اور آرٹ کو عام زندگی اور معاشرے کا حصہ بنایاجائے۔ عام لوگوں اور معاشرے کی تھیٹر کے بارے میں حس بیدار کرنا بھی اس گروپ کے مقاصد میں شامل ہے۔ تھیٹر میں کام کرنے والوں کے ہنر میں اضافہ کے لیے ورکشاپوں کا انعقاد اور مختلف کلچروں کے سیاق سباق میں کام کرنے میں مدد دینا بھی اس کے مقاصد میں شامل ہے۔ نوجوان تھیٹر آرٹسٹوں کا ایک حلقہ بنانا اور مختلف اداروں اور ڈرامہ سوسائٹیوں کی سرگرمیوں میں باہمی تعلق اور تعاون پیدا کرنا بھی وٹاندرا کا مطمع نظر ہوگا۔ وٹاندرا کے کوآرڈینیٹر شعیب اقبال نے کہا کہ اس سال سردی کے موسم میں گروپ ایک تھیٹر میلہ منعقد کرے گا اور گروپ کے سارے ارکان ایک مشترکہ ڈرامہ تیار کریں گے۔ وٹاندرا نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ وہ گرمی کی ان چھٹیوں میں نجی تعلیمی اداروں میں تھیٹر کی ورکشاپس کرے گا اور وہاں ڈرامہ سوسائیٹیاں بنا کر انھیں اپنے گروپ کا رکن بنائے گا۔ بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی اور برطانیہ کی تھیٹر اداکارہ کلئیر پےمنٹ کا تھیٹر گروپ کانٹیکسٹ بھی وٹاندرا کا حصہ تھا لیکن لوک رہس نے ان سے اختلاف کے بعد الگ ہوکر یہ نیا گروپ تشکیل دیا ہے۔کلئیر پیمنٹ آجکل بیکن ہاؤس کالج کے تھیٹر کے شعبہ کے لیے کام کررہی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||