پاک بھارت تھیٹر فیسٹول ’زنانی‘ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان اور بھارت کے پانچ تھیٹر فنکاروں نے لاہور میں ایک تقریب کے دوران ایک ’پانچ طرفی چراغ‘ کو روشن کرکے پہلے پاک بھارت تھیٹر فیسٹول کا افتتاح کر دیا ہے۔ ا س سات روزہ ڈرامہ میلے کا نام’ زنانی‘ رکھا گیا ہے اور اس میں دونوں ملکوں کے فنکار، خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے ڈرامے اور مختلف پروگرام پیش کریں گے۔ اس میلہ میں شرکت کے لیے بھارت سے فنکاروں کا پنتالیس رکنی وفد واہگہ کے راستے اتوار کی دوپہر پاکستان پہنچا اور اسی شام لاہور کے الحمرا ہال میں اس فیسٹول کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں دونوں ملکوں کے فنکاروں کے علاوہ پاکستان کے صوبہ پنجاب کے گورنر خالد مقبول اور پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر شیو شنکر مینن نے بھی اپنی اپنی بیگمات سمیت شرکت کی ۔ اس موقع پر بھارت کی بانوے سالہ اداکارہ زہرہ سہگل نے حفیظ جالندھری کی نظم ’ابھی تو میں جوان ہوں ‘ پڑھی۔ جس کے بعد چند لڑکیوں نے گیت گایا جس کے بول تھے ’ چھپ چھپ کر ہم جئیں گے کب تک ،رک رک کر ہم چلیں گے کب تک‘۔ اجوکا تھیٹر کی سربراہ مدیحہ گوہر نے کہا کہ’ اس سات روزہ فیسٹول کے دوران دونوں ملکوں کے فنکار، خواتین کے مسائل کے حوالے سے اٹھارہ ڈرامے پیش کریں گے۔اور یہ میلہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی رابطہ بڑھانے کا سبب بنے گا ۔‘ بھارت کے شہر کلکتہ سے تعلق رکھنے والی اوشا گنگولی نے کہا کہ ’تھیٹر دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔یہ ایک ایسا ذریعہ ہے جو امن کا اور آگہی کا درس دیتا ہے ۔انہوں نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ’ان کی خواہش ہے کہ یہ راستے کھلے رہیں ایک دوسرے کے لیے دل کھلے رہیں اور حکومتیں مزید راستے کھول دے ‘۔ گورنر پنجاب خالد مقبول نے کہا ’خواتین ہر شعبہ میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہیں‘۔ انہوں نے پاکستان اور بھارت کے تعلقات کے حوالے سے کہا’ دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے بے جا طور پر ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے‘۔ پاکستان میں متعین بھارتی ہائی کمشنر نے کہا کہ چند ماہ قبل جب بھارتی وزیراعظم نے دوستی کا ہاتھ بڑھایا تھا اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان حالات تیزی سے معمول پر آرہے ہیں اور یہ فیسٹول بھی اسی کا ایک ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھیٹر ہی نہیں ہر شعبہ ہاۓ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد ایک دوسرے سے مل رہے ہیں۔ قبل ازیں پینتالیس رکنی بھارتی وفد واہگہ کے راستے پاکستان پہنچا تو ’اجوکا‘ تھیٹرکے منتظمین نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا۔ اس وفد میں امرتسر ، چندی گڑھ ،کلکتہ کے چار تھیٹر گروپ شامل ہیں۔جبکہ امکان ہے کہ پانچواں گروپ آئندہ ایک دو روز تک پہنچ جاۓ گا۔ اجوکا تھیٹر کے ایک منتظم عباس نے بتایا کہ اس فیسٹول میں پاکستان کے شہر حیدر آباد ،گوجرانوالہ اور لاہور کے بھی مختلف ڈرامہ گروپ شریک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس ڈرامہ میلے میں خواتین سے معاشرتی ناانصافی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جاۓگا اور دقیانوسی رسومات اور رویوں کے خلاف آواز بلند کی جاۓ گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||