57 ویں کینز فلم فیسٹیول کا آغاز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بین الاقوامی فلمی صنعت کی اہم شخصیات اور دنیا بھر کے فلمی ستارے فرانس کے شہر کینز میں ستاون ویں کینز فلم فیسٹیول کی تقریبات میں حصہ لینے کے لئے اکھٹے ہوئے ہیں۔ اس سال ایوارڈز کا فیصلہ کرنے کے لئے تشکیل دی گئی جیوری کی سربراہی ہدایتکار کوئینٹن ٹیرنٹینو کر رہے ہیں جنہوں نےاس فیسٹیول کو ’جنت‘ قرار دیا ہے۔’میرے خیال میں ہم سب جنت کے بارے میں خواب دیکھتے ہیں۔ میرے لئے کینز میرے خوابوں کی تعبیر ہے۔‘ بدھ کے روز سپین کے ہدایتکار پیدرو الما دوار کی فلم ’لا مالا ایجوکیشن‘ سے اس فلمی میلے کا آغاز ہوا جس کے بعد اگلے گیارہ روز میں جیوری کینز کے سب سے بڑے اور مشہور ’پام ڈی اور‘ ایوارڈ کے لئے مقابلے میں شامل اٹھارہ فلموں کو دیکھے گی۔ مقابلے میں شامل فلموں میں امریکی ہدایتکار مائیکل موور کی ’فارن ہائیٹ نائن ون ون‘ اور ’شریک ٹو‘ کے علاوہ فرانس، جاپان اور ارجنٹائن سے بھی کئی فلمیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ پچھلے ہفتے ریلیز ہونے والی فلم ’ٹرائے‘ بھی کینز میں شامل ہے۔ عالمی فلمی صنعت میں کینز فیسٹیول کی بہت اہمیت ہے کیونکہ اس میں ہدایتکار اور اداکار اپنی فلموں کی پروموشن کے لئے آتے ہیں اور انڈسٹری کے اور لوگ کاروبار کے سلسلے میں کئی ڈیلیں بھی کرتے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||