’ کل ہو نہ ہو‘ کے لئے اعزاز ہی اعزاز | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
نِکھل اڈوانی کی مقبول عام فلم ’ کل ہو نہ ہو‘ ہفتے کی رات بمبئی میں ہونے والےاننچاسویں فلم فئیر ایوارڈز کی ستاروں بھری تقریب میں آٹھ ایوارڈز جیت کر سب سے کامیاب فلم کے طور پر سامنے آئی ہے۔ پریتی زینتا کو اس فلم میں کئے گئے رول کے لئے بہترین اداکارہ جبکہ سیف علی خان کو بہترین معاون اداکار کے ایوارڈز ملے جبکہ جیا بچن کو بہترین معاون اداکارہ اور شنکر احسان لوئے کو بہترین میوزک ڈائریکٹرز قرار دیا گیا۔ اسی فلم کے لئے جاوید اختر کو بہترین نغمہ نگار اور سونو نگھم کو بہترین پلے بیک گلوکار قرار دیا گیا۔
ایوارڈز کے میزبان مشہور فلمسٹارز شاہ رخ خان اور سیف علی خان کی چنچل اور شوخ فقرے بازی اور جُگتوں سے بھر پور اس تقریب میں بمبئی کی فلم انڈسٹری کے سارے بڑے نام موجود تھے۔ اور دونوں میزبانوں نے کئی سٹارز کو اپنی فقرے بازی کا نشانہ بنایا۔ ہدایتکار راکیش روشن کی فلم ’ کوئی مل گیا‘ کو بہترین فلم کے ایوارڈ کے ساتھ ساتھ بہترین ہدایتکاری اور اداکاری کا ایوارڈ بھی ملا جو فلمسٹار ریتک روشن کو ملا۔ ہندی فلموں میں روایتی طور پر ماں کا رول کرنے والی بزرگ اداکاراؤں سلوچنا اور نیروپا رؤے اور منجھے ہوئے فلمساز بی آر چوپڑہ کو لائف ٹائم ایچویمنٹ ایوارڈز دیا گیا۔ یہ ایوارڈز اداکار امیتابھ بچن نے پیش کئے۔ اس کے علاوہ سنجے دت کو فلم ’منابھائی ایم بی بی ایس‘ کے لئے بہترین مزاحیہ اداکار اور ارمیلا متنوکر کو ان کی فلم ’بھوت‘ کے لئے صراحا گیا۔ فلم فئیر کی اس رنگا رنگ تقریب میں ایوارڈز کے درمیان بالی وڈ کے مخصوص انداز میں ڈانس اور گانوں کا سلسلہ بھی رہا جس نے مہمانوں کے علاوہ ٹی وی پر یہ تقریب دیکھنے والوں کو محظوظ کیا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||