سشمیتا سن کا چیلنج اس مرتبہ سشمیتا سن پھر خبروں میں آئی ہیں اور اس کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے ایک ایسی فلم میں کام کا انتخاب کیا ہے جس میں وہ پولیس کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ اور پولیس افسر بھی وہ جس کا مزاج کا سخت ہے اور جسے سگریٹ پینے کی عادت ہے۔ اس فلم کا نام ہے ’سمے‘ اور اس میں سشمیتا سن ایک صنعتکار کی پراسرار موت کی گتھی سلجھا رہی ہیں۔ پہلے پولیس کا یہ کردار ادا کرنے کے لئے فلم کے پیش کاروں نے ایک مرد اداکار کو منتخب کیا تھا لیکن بعد میں ان کی نظرِ انتخاب سشمیتا سن پر آ پڑی۔ سشمیتا سن اس طرح کی فلم میں پہلی مرتبہ کام نہیں کر رہیں۔ انہوں نے ایسے کردار پہلے بھی ادا کیے ہیں۔ وہ خود کہتی ہیں کہ جانے کیوں ابتدا ہی سے لوگوں نے انہیں ایک مضبوط خاتون کے کردار ہی میں پییش کرنا چاہا ہے۔ تاہم سشمیتا سن کی خواہش ہے کہ انہیں کسی ایسی لڑکی کا کردار کرنے کو دیا جائے جو بڑی سادہ ہو اور جس کے اردگرد خطرات بکھرے پڑے ہوں۔ |