کِڈمین ایک اور متنازعہ فلم میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈنمارک کے ہدایت کار لارس وان ٹریئر کے لئے متنازعہ فلمیں بنانا کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن ان کی فلم ’ڈاگویل‘ ان کے کی اب تک کی کاوشوں میں سب سے زیادہ اشتعال انگیز ہے۔ اس فلم کے تیسرے گھنٹے کے مناظر میں ایک کردار کے ساتھ جو نِکول کِڈمین ادا کر رہی تھیں بار بار زنا ہوتا دکھایا گیا ہے۔ اس منظر میں انہوں نے کتے کا پٹہ پہنا ہوا ہے اور ایک پہیہ سے بندھی ہوئی ہیں۔ ’مِلان روژ‘ نامی فلم میں شہرت کمانے والی اداکارہ کو یہ منظر بہت مختلف لگا ہوگا لیکن ’ڈاگویل‘ کے تضحیک آمیز مناظر سے جتنے لوگ متاثر ہوں گے اتنے ہی متنفر بھی۔ ’ڈاگویل‘ امریکہ میں راکی ماؤنٹین میں ایک دور افتادہ شہر میں ہونے والی کہانی ہے۔ تاہم ہدایت کار وان ٹریئر نے جو فضائی سفر نہیں کرتے پوری فلم ڈینمارک میں ہی ریکارڈ کی ہے۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ انہوں نے فلم کے لئے ایک ہی سیٹ استعمال کیا ہے جس کے فرش پر انہوں نے چاک سے نشان لگا کر مختلف عمارتوں کی نشاندہی کی ہے۔ اس فلم میں کِڈمیں گریس نامی ایک خوبصورت لڑکی کا کردار کر رہی ہیں جو کچھ برے لوگوں سے بھاگتی ہوئی ایک گاؤں میں پناہ لیتی ہے۔ گاؤں کے لوگ اسے قبول کر لیتے ہیں اور وہ ان کے لئے کام کرنے پر راضی ہو جاتی ہے۔ لیکن آہستہ آہستہ ’ڈاگویل‘ اپنے بے سہارا مہمان کا فائدہ اٹھانا شروع کرتا ہے۔ یہ فلم ایک ناول کے طرز پر بنائی گئی ہےجس کا ابتدایہ اور نو باب ہیں اور جان ہرٹ صدا کار کا کام کر رہے ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||