| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
’بادلوں پر بسیرا‘ بہترین
پی ٹی وی، اے آر وائی، پرائم، انڈس اور سنڈے ٹی وی کے کل ملا کر سن دو ہزار دو کے دوران تقریباً چونتیس سیریل نشر ہوئے۔ لیکن یہ محض وہ سیریل ہیں جن کے مقدر میں سکرین کا منہ دیکھنالکھا تھا۔ پروڈیوس کیے جانے والے سلسلہ وار ڈراموں کی مجموعی تعداد کا اندازہ اس بات سے ہو سکتا ہے کہ جولائی دو ہزار ایک میں ایک سروے کے مطابق اس وقت صرف کراچی میں پچاسی سیریل تیار ہو رہے تھے۔ سالِ گزشتہ کا بہترین سیریل ’بادلوں پر بسیرا ‘ تھا۔ اسے نور الہدیٰ شاہ نے لکھا۔ اور یہ کھیل تمام کا تمام امریکہ میں ریکارڈ ہوا اور تجربہ کار کیمرہ مین اسحاق چودھری نے اپنے فن کا کمال دکھایا۔ یہ پہلا پاکستانی سیریل تھا جس میں سانحۂ مشرقی پاکستان اور قیام بنگلہ دیش کے موضوع پر بات کرنے کی ہمت کی گئی۔ بہرحال اس برس کے دوران نشر ہونے والے چند سلسلوں کا ذکر یہاں بےجا نہ ہو گا۔ بہلاوا فاروق مینگل کی ہدایت کاری میں بننے والا یہ کھیل شہری زندگی کی اونچ نیچ کو احاطے میں لیتا ہے۔ چشمان ڈاکٹر ڈینس آئزک کے لکھے ہوئے اس ڈرامے میں ایک کمرشل پاکستانی پائلٹ کی زندگی دکھائی گئی ہے اور ملک کے شمالی حصوں کی خوبصورت فوٹو گرافی دیکھنے کو ملتی ہے۔ تھوڑی خوشی تھوڑا غم ذوالفقار شیخ کے تیار کردہ اس سیریل میں زر، زن اور زمین کی پرانی تکون کا قصہ ہے لیکن ساتھ ساتھ کچھ غیر ملکی مناظر بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ جنّت اس سیریل میں منظر بہت مختلف ہے کیونکہ یہ کراچی کے نواح میں مچھیروں کی ایک بستی کا قصہ ہے۔ زندگی آصف علی پوتا کے بنائے ہوئے اس کھیل میںکیریکٹر ایکٹر شجاعت ہاشمی نے عرصہ دراز کے بعد ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔ سال دو ہزار دو کے دوران پاکستان میں دو نئے مصنفوں نے اپنا لوہا منوایا ہے۔ ایک تو خلیل الرحمٰن قمر جو کہ فلمی دنیا کے راستے ٹی وی میں آئے تھے لیکن پھر یہیں کے ہو کے رہ گئے۔ ان کا پہلا کامیاب سیریل ’بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ تھا۔ یہ کھیل اس زمرے سے تعلق رکھتا تھا جس میں ایک سیدھا سادہ دیہاتیشہر کی پیچیدہ زندگی میں گم ہو جاتا ہے اور اس کی سادگی قدم قدم پر مزاح بکھیرتی ہے۔ اسی ماڈل کو آگے چلاتے ہوئے مصنف نے مزید کہانیاں تخلیق کرنے کی کوشش بھی کی لیکن وہ ’مولوی مدن‘ والی بات پیدا نہ ہو سکی۔ البتہ سال گزشتہ کے دوران مصنف نے ’ لنڈا بازار‘ نامی سیریل لکھ کرثابت کیا کہ اس کے ترکش میں ابھی کئی طرح کے تیر باقی ہیں۔ لنڈا بازار کے پلاٹ کی ساخت اگرچہ ممبئی کی انڈر ورلڈ کے نمونے پر ڈھالی گئی ہے لیکن مہاراشٹر کے جرائم پیشہ کرداروں کو بڑی مہارت سے پنجاب میں پلانٹ کیا گیا ہے اور اندرون شہر لاہور کے کردار اپنی جیتی جاگتی شکل میں نظر آتے ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ کہیں کہیں یہ کردار زیادہ ہی بیدار ہو کر زندگی کے جامے سے نکلتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ بلند بانگ انداز غالباً مصنف کے فلمی پس منظر کی دین ہے۔ بہرحال اگر کمرشل کامیابی ہی معیار ہے تو پھر لنڈا بازار ایک کامیاب سیریل تھا۔ یہ امر دلچسپی سے خالی نہیں کہ پاکستان میں اس برس ابھرنے والا دوسرا نام بھی ایک ایسے مصنف کا ہےجس نے کیریئر کا آغاز فلمی دنیا سے کیا تھا۔ مصنف سعید انور کا تعارف ادبی دنیا میں سعادت حسن منٹو کے شیدائی کے طور پر ہوا تھا کیونکہ وہ منٹو میموریل سوسائٹی کے اولین جنرل سیکریٹری تھے لیکن فلمی دنیا میں وہ ’ کانٹا ‘ لے کر داخل ہوئے جس میں انہوں نے اداکارہ میرا کو رشناس کرایا۔ کانٹا باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوئی تو مصنف نے ٹی وی کا رخ کیا جہاں ان کا پہلا سیریل ’راکھ‘ ایک زبردست ہٹ ثابت ہوا۔ یہ سیریل لندن میں شوٹ کیا گیا تھااور سن دو ہزار ایک کے آخر میں اس کی نمائش اے آر وائی سے شروع ہوئی جو کہ سن دو ہزار دو میں بھی جاری رہی۔ اس کامیابی کی بنا پر انہیں اگلا سیریل ’ چمک‘ لکھنے کا موقع ملا جو کہ چند ماہ پہلے پرائم سے دکھایا گیا۔ اخباری جائزوں کے مطابق چمک اور لنڈا بازار اس برس کے کامیاب ترین کمرشل سیریل تھے۔ سن دو ہزار دو میں ایک اہم بات یہ بھی ہوئی کہ مصنف اشفاق احمد کو سیریل لکھنے کے لیے قائل کر لیا گیا۔ انہوں نے زندگی میں ایک ہی سیریل لکھا تھا اور وہ عموماً اس مشقت سے بہت بھاگتے ہیں۔ بہرحال ان کا سیریل ’شاہلا کوٹ‘ ایک بڑے شہر کے نواح میں آباد گاؤں کی کہانی ہے جہاں برسوں کا امن و سکون ایک نحوست نے تباہ کر دیا ہے۔ لانگ پلے یا طویل دورانیے کے کھیل کا زوال جو برسوں پہلے شروع ہو گیا تھا اس سال بھی جاری رہا۔ البتہ پرائم نے اپنے پاس پڑے کچھ پرانے لانگ پلیز یا طویل دورانیے کے کھیلوں کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں ہفتہ وار پیش کرنے کی کوشش کی جو ناکام ہو گئی۔ بعد میں طویل دورانیے کے ان ڈراموں کو ایڈٹ کر کے پینتالیس منٹ میں پیش کرنے کا تجربہ بھی ہوا جو کہ پہلے سے بھی زیادہ ناکام رہا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |