| |||||||||||||||||||||||||||||||||||
نصرت کے لئے بی بی سی ایوارڈ
پاکستانی گلوکار اور موسیقار نصرت فتح علی خان کو میگا میلہ، لندن، میں سن دو ہزار دو کا ’لائف ٹائم ٹریبیوٹ بی بی سی ایوارڈ‘ دیا گیا۔ اسی تقریب میں آشا بھوسلے کو بھی ’ لائف ٹائم اچیومنٹ بی بی سی ایوارڈ‘ دیا گیا۔ اس کے علاوہ ایشیا میں زندگی کے بارہ مختلف شعبوں میں نمایاں کارنامے انجام دینے والوں کو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا۔ ایوارڈ کی رنگا رنگ تقریب میں جن فنکاروں اور بینڈز نے شرکت کی ان میں اکشے کمار، ماہیما چودھری، پنکج ادھاس، جنون، ہنس راج ہنس، ملکیت سنگھ، حدیقہ کیانی اور رش شامل تھے۔ نصرت فتح علی خان کو موسیقی اور گائیکی اپنے والد استاد فتح علی سے ملی لیکن اس کے علاوہ بھی انہوں نے کئی اساتذہ سے فیض حاصل کیا۔
نصرت فتح علی کی گائیکی کی بنیادی پہچان قوالی تھی تاہم انہوں نے اسے مشرقی کلاسیکی موسیقی اور مغربی سازوں کے ساتھ اس طرح آراستہ کیا کہ قوالی کو ہر طبقے اور عمر کے لوگوں کی پسندیدگی حاصل ہو گئی۔ گائیکی اور موسیقی کو نیا رنگ دینے کے لیے نصرت فتح علی نے تجربہ پسند موسیقاروں مائیکل بک، پیٹر گیبریئل اور اے آر رحمان کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے شیکھر کپور کی فلم ’بینڈت کوئین‘ کی موسیقی ترتیب دی اور انگریزی فلموں ’ڈیڈ مین واکنگ‘ اور ’لاسٹ ٹیمپٹیشن آف کرائسٹ‘ میں فن گائیکی کا مظاہرہ کیا۔ اپنے کیریر کے عین عروج پر وہ انیس سو ستانوے میں بیمار پڑے اور انہیں علاج کے لیے لندن کے کروم ویل ہسپتال لایاگیا جہاں سولہ اگست کو وہ جہانِ فانی سے کوچ کر گئے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||
| BBC Languages >>BBC World Service >>BBC Weather >>BBC Sport >>BBC News >> | |