محمد علی کو بالی وڈ سے فلم کی پیشکش

امیتابھ بچن نے محمد علی کے بارے میں کہا: ’وہ سادہ، مسکراتے ہوئے اور حقیقت پسند انسان تھے‘

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنامیتابھ بچن نے محمد علی کے بارے میں کہا: ’وہ سادہ، مسکراتے ہوئے اور حقیقت پسند انسان تھے‘

بالی وڈ کے بہت سے فنکاروں نے محمد علی کی موت پر اظہار افسوس کیا ہے اور اپنے انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے لیکن کیا آپ کو پتہ ہے کہ انھیں بالی وڈ سے فلم کی پیشکش ہوئی تھی؟

بالی وڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے ان کے ساتھ اپنی ایک تصویر پوسٹ کی ہے اور انھیں یاد کیا ہے۔ ان کے علاوہ معروف گلوکارہ لتا منگیشکر، موسیقار اے آر رحمان، اداکار رشی کپور، انیل کپور، فرحان اختر، جاوید اختر، رنبیر کپور وغیرہ نے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے۔

لتا منگیشکر نے امیتابھ بچن اور محمد علی کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔

پرکاش مہرہ نے تو امیتابھ بچن اور محمد علی کے ساتھ ایک فلم کا منصوبہ بھی بنایاتھا۔

لتا منگیشکر نے لکھا: ’ایک لیجنڈ جو اب نہیں رہے۔ میں خوش قسمت ہوں کہ ان سے لندن کی ایک پرواز کے دوران ملاقات ہوئی تھی۔ میری بھتیجی ان کی مداح ہیں اور یہ تصویر ان کے اصرار پر لی گئی تھی۔‘

لتا منگیشکر محمد علی کے ساتھ ایک پرواز کے دوران

،تصویر کا ذریعہLata Mangeshkar

،تصویر کا کیپشنلتا منگیشکر محمد علی کے ساتھ ایک پرواز کے دوران

امیتابھ بچن نے گذشتہ روز ایک انٹرویو میں کہا: ’سنہ 1979 میں ہم ان سے ملنے ان کے گھر بیورلی ہلز گئے۔ وہ سادہ، مسکراتے ہوئے اور حقیقت پسند انسان تھے۔ دنیا ان کے کارناموں سے واقف ہے۔ پرکاش مہرہ ان کے ساتھ فلم بنانا چاہتے تھے اور ہم ان سے بات کرنے ان گھر گئے تھے۔ وہ فلم تو نہیں بنی لیکن ان کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات یادگار تھے۔ میرے خیال سے وہ عظیم ترین تھے اور سدا عظیم ترین رہیں گے۔‘

انھوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا: ’محمد علی سدا عظیم ترین رہے۔ ایک شریف انسان اور روشن ذہن۔ انھوں نے نہ صرف رِنگ میں لڑائی کی بلکہ رنگ کے باہر بھی، اور فاتح رہے۔‘

شاہ رخ خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا تھا: ’جب میں بڑا ہو رہا تھا، محمد علی میرے ہیرو تھے۔ میرے خیال سے وہ بہت مست انسان تھے، ایسے ماہر، ایسے فنکار اور اس قدر بذلہ سنجی اور پھر ٹریجڈی۔ دنیا کا سخت ترین آدمی اپنی ناک سے مکھی بھی نہیں بھگا سکتا۔ ان کی زندگی انتہائی دلچسپ کہانی پیش کرتی ہے۔‘

رشی کپور نے لکھا: ’آپ کو پرسکون نیند حاصل ہو محمد علی۔ سنہ 1980 کی دہائی کے اوائل میں ان سے بحرین میں ایک تقریب کے دوران ملاقات ہوئی تھی۔ وہ بیمار تھے لیکن انھیں مجھے پریٹی بوائے کہا تھا۔‘

محمد علی کے ساتھ امیتابھ بچن، پرکاش مہرہ اور امیتابھ کے بھائی

،تصویر کا ذریعہAmitabh Bachchan

،تصویر کا کیپشنمحمد علی کے ساتھ امیتابھ بچن، پرکاش مہرہ اور امیتابھ کے بھائی

انیل کپور نے کہا: ’ان کی شخصیت ان کی سپورٹس مین شپ کی طرح ہی مثالی تھی۔ ان کی روح ہمیں ہیمشہ بڑے خواب دیھکنے اور اونچی اڑان بھرنے کے لیے تحریک دیتی رہے گی۔‘

فرحان اختر نے لکھا: ’نہ ان سے پہلے کوئی ان سے بہتر تھا اور ان کے بعد ہو گا۔‘

اداکار شاہد کپور نے کہا: ’آپ نے ہمیں نامساعد حالات میں لڑنا سکھایا۔‘

محمد علی کی تدفین جمعے کو ہو گي

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنمحمد علی کی تدفین جمعے کو ہو گي

اداکار ابھیشیک بچن نے کہا کہ ’میرے والد نے بچپن میں مجھے سپورٹس کے اس قوی ہیکل انسان سے روشناس کرایا تھا۔ صرف اس لیے نہیں کہ وہ ایک عظیم باکسر اور کھلاڑی تھے بلکہ اس لیے کہ انھوں نے یہ سکھایا کہ آپ جس چیز میں یقین رکھتے ہیں اس کے لیے کیسے کھڑے ہوں۔‘

جبکہ اسی موقعے پر اداکار رنبیر کپور نے کہا کہ ’ان کی کمی محسوس کی جائے گی۔ انھوں نے دنیا میں بہت سے لوگوں کو تحریک دی اور سیاہ فام افریقی امریکیوں کے لیے بہت کچھ کیا۔‘