فاٹا میں گانے کے ذریعے پیغام

- مصنف, رفعت اللہ اورکزئی
- عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان میں کچھ عرصے سےگانوں کے ذریعے ایک خاص پیغام دینے کے رحجان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
اس رحجان کا اثر اب دہشت گردی اور قدرتی آفات سے متاثرہ قبائلی علاقوں میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
امدادی ادارے ہلال احمر فاٹا چیپٹر کی جانب سے اپنی نوعیت کا پہلا وڈیو گانا ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں لوگوں کو قدرتی آفات میں ضرورت مند افراد کی رضاکارانہ طور پر مدد کرنے اور ان کی سوچ میں مثبت تبدیلی لانے کا پیغام دیا گیا ہے۔
چار منٹ پر مشتمل یہ وڈیو گانا خیبر ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان گلوکار سنگین آفریدی نے گایا ہے۔
اردو زبان میں تیار کیے گئے اس گانے میں ہلال احمر کے رضاکار سیلاب، زلزلے اور دوسری قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی مدد کرتے نظر آتے ہیں۔

گانے کے خالق سنگین آفریدی ہلال احمر کی جانب سے یوتھ ایمبیسڈر کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔
انھوں نے کہا کہ فاٹا اور ملک کے دیگر علاقے کچھ سالوں سے قدرتی آفات کی وجہ سے بری طرح متاثر رہے ہیں اور حکومت کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ ان سے نمٹ سکے لہذا ان مشکلات پر قابو پانے کے لیےعوام میں آگاہی پھیلانے کی اشد ضرورت ہے۔
سنگین آفریدی نے کہا کہ یہ گانا بھی اس مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے ریکارڈ کیا گیا ہے تاکہ عوام میں مشکلات کے وقت مدد کرنے کا جذبہ اجاگر کیا جا سکے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







