جونی ڈیپ کی بیوی پر کتے سمگل کرنے کا الزام

،تصویر کا ذریعہAFP
ہالی وڈ کے مشہور اداکار جونی ڈیپ کی بیوی ایمبر ہرڈ پر غیر قانونی طور پر کتوں کو آسٹریلیا سمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایمبر جو کہ خود بھی ایک اداکارہ ہیں اس وقت مشکل میں پڑیں جب وہ اپریل میں پسٹل اور بو نامی یورک شائر ٹیریئر نسل کے دو کتے لے کر بنا حکام کو بتائے برسبین پہنچ گئیں۔
رواں ہفتے ان پر غیر قانونی طریقے سے کتوں کو آسٹریلیا لے جانے کے ضمن میں دو اور غلط کاغذات پیش کرنے پر ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
درآمد کرنے کے مقدمات کے تحت ایمبر کو 48 ہزار پاؤنڈز جرمانہ اور دس سال جیل کی سزا ہو سکتی ہے جبکہ غلط کاغذات کے الزامات پر انھیں ایک سال جیل اور 4800 پاؤنڈز جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
جمعرات کو کامن ویلتھ ڈپارٹمنٹ آف پبلک پراسیکیوشن کا کہنا تھا کہ ایمبر ہرڈ کو سات ستمبر کو کوئینز لینڈ کی عدالت میں طلب کیا گیا ہے۔
بو اور پسٹل نامی کتوں کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اداکار جونی ڈیپ کے نجی طیارے پر آسٹریلیا پہنچے تھے۔ جونی ڈیپ پائریٹس آف دی کیریبئین فرنچائز کی پانچویں فلم کی شوٹنگ کے لیے آسٹریلیا آئے ہوئے تھے۔ْ

،تصویر کا ذریعہGetty
کتوں کے بارے میں حکام کو مطلع نہ کرنے کے باوجود وہ اس وقت لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے جب کتوں کے سیلون میں لی گئیں ان کی تصاویر کے بعد وہ ’فیس بک پر فلمی ستارے‘ بن گئے۔
اس وقت ایک وزیر نے کہا تھا کہ اگر یہ کتے وہاں رہے تو پکڑے جائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
وزیر زراعت کا کہنا تھا کہ ’یہ وقت پسٹل اور بو کو واپس امریکہ بھیجنے کا ہے۔‘







