بیٹ مین کا کردار نبھانا آسان نہیں: بین ایفلک

دو بار آسکر انعام یافتہ اداکار بین ایفلک سے قبل یہ کردار مائیکل کیٹن، ول کلمر، جارج کلونی اور کرسچیئن بیل ادا کر چکے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشندو بار آسکر انعام یافتہ اداکار بین ایفلک سے قبل یہ کردار مائیکل کیٹن، ول کلمر، جارج کلونی اور کرسچیئن بیل ادا کر چکے ہیں

فلم ’بیٹ مین ورسز سپر مین‘ میں بیٹ مین کا کردار ادا کرنے والے ہالی وڈ اداکار بین ایفلک نے تسلیم کیا ہے کہ وہ ماضی میں یہ کردار ادا کرنے والوں کے کام کی وجہ سے کچھ دباؤ کا شکار ہیں۔

امریکہ کے شہر سان ڈیاگو میں انھوں نے اپنے مداحوں کو بتایا: ’اگر میں ان اداکاروں کے بارے میں زیادہ سوچوں جنھوں نے یہ کردار نبھایا ہے تو میں یہ کام کر نہیں سکتا۔‘

تاہم ڈائریکٹر زیک سنائیڈر کا کہنا کہ 42 سالہ اداکار اس کردار کے لیے ’بہترین‘ انتخاب ہیں۔

زیک سنائیڈر نے بین ایفلک کو بتایا کہ ’ان کے پاس کوئی اور انتخاب نہیں ہے۔ وہ عمر میں بڑے ہیں، وہ پرجوش ہیں ۔۔۔ آپ اس کے لیے بہترین ہیں۔‘

دو بار آسکر انعام یافتہ اداکار بین ایفلک سے قبل یہ کردار مائیکل کیٹن، وال کلمر، جارج کلونی اور کرسچیئن بیل ادا کر چکے ہیں۔

بیٹ مین کی نئی فلم ٹریلر کی نمائش کے موقعے پر مداحوں سے گفتگو کرتے ہوئے بین ایفلک نے گذشتہ فلم میں بیٹ مین کا کردار ادا کرنے والے کرسچیئن بیل کے ساتھ ایک اتفاقیہ ملاقات کا بھی ذکر کیا۔

بیٹ مین کا کردار ادا کرنے والے کرسچیئن بیل نے بین ایفلک کو کچھ مشورے بھی دیے

،تصویر کا ذریعہ

،تصویر کا کیپشنبیٹ مین کا کردار ادا کرنے والے کرسچیئن بیل نے بین ایفلک کو کچھ مشورے بھی دیے

انھوں نے بتایا: ’فلم کے آغاز سے قبل میں اپنے بچے کے لیے ہیلووین کا لباس خرید رہا تھا۔ میرے بیٹے کو بیٹ مین بے حد پسند ہے۔‘

’ہم لباس خریدنے کے لیے لاس اینجلس کے ایک سٹور پر گئے جو تقریباً خالی تھا۔ اس دوران میں نے ’اوئے‘ کی آواز سنی، واپس مڑ کر دیکھا تو وہاں کرسچیئن بیل تھے۔ میں اور وہ بیٹ مین کے سکیشن میں کھڑے تھے۔‘

انھوں نے مزید بتایا کہ ’میں نے کہا، آپ کوئی مشورہ دینا چاہیں گے؟ اور انھوں نے کہا کہ آپ اس بات کی یقین دہانی کر لیں کہ آپ یہ لباس پہن کر پیشاب کر سکیں۔‘

بین ایفلک کے مطابق کرسچیئن بیل بھی بیٹ مین کا لباس خریدنے کے لیے وہاں آئے ہوئے تھے۔

بین ایفلک کے آئندہ فلم زیک سنائیڈر کی 2013 کی فلم ’مین آف سٹیل‘ کا سیکوئل ہوگی۔ جس میں جیریمی آئرنز اور گال گوڈے بھی کردار ادا کر رہے ہیں۔