بیٹ مین فلم کے مزید پریمیئر منسوخ

،تصویر کا ذریعہGetty
سپر ہیرو کردار ’بیٹ مین‘ پر فلمیں بنانے والے ادارے وارنر برادرز نے اس سیریز کی نئی فلم ’ڈارک نائٹ رائزز‘ کی تشہیر کے لیے منعقد ہونے والے مزید دو پریمیئر منسوخ کر دیے ہیں۔
جن ممالک میں پریمیئرز کی منسوخی کا اعلان کیا گیا ہے ان میں جاپان اور میکسیکو شامل ہیں۔
یہ قدم امریکی ریاست کولوراڈو کے شہر آرورا میں اس فلم کی نمائش کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں بارہ افراد کی ہلا کت کے بعد اٹھایا گیا ہے۔
آرورا میں جب ریلیز کے پہلے دن نصف شب کو فلم کا شو جاری تھی تو ایک گیس ماسک پہنے ہوئے شخص نے فلم بینوں پر فائرنگ کر دی تھی۔
کولوراڈو میں ہونے والے حملے کے فوری بعد وارنر برادرز نے فلم کا پیرس میں ہونے والا پریمیئر منسوخ کر دیا تھا۔ اس پریمیئر میں فلم کے ہدایتکار کرسٹوفر نولن، بیٹ مین کا کردار ادا کرنے والے اداکار کرسچین بیل سمیت کئی نمایاں اداکاروں اور عملے کے ارکان نے شامل ہونا تھا۔
وارنر برادرز کی ایک ترجمان نے کہا کہ ’ہلاک شدگان اور ان کے خاندانوں کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے وارنر برادرز ’ڈارک نائٹ رائزز‘ کی باکس آفس آمدن کے اعداد و شمار اختتام ہفتہ پر جاری نہیں کرے گا‘۔
اس اقدام کے فوری بعد دوسرے سٹوڈیوز سونی، فاکس، ڈزنی، لائنزگیٹ اور یونیورسل نے بھی اس سانحے کے باعث اعدادوشمار جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس کے باوجود روزنامہ ورائٹی کے غیر تصدیق شدہ اعداد و شمار کے مطابق فلم نے صرف جمعہ کو پچھہتر ملین ڈالر کمائے جو کہ امریکی باکس آفس پر پہلے دن کی نمائش کی آمدن کے حساب سے اسے تیسری بڑی فلم بناتی ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فلم ڈارک نائٹ رائزز کا شائقین کو شدت سے انتظار تھا۔ ہالی وڈ رپورٹر نے اپنی رپورٹ میں توقع ظاہر کی تھی کہ یہ فلم پہلے ہفتے میں دو سو سات ملین ڈالر سے دو سو اٹھانوے ملین ڈالر کے درمیان رقم کمائے گی۔
اگر اس فلم کی آمدن اس رپورٹ کے مطابق ہوتی تو یہ ’ایونجر‘ کے بعد پہلے ہفتے میں سب سے زیادہ رقم کمانے والی فلم بن جاتی۔
اس کی علاوہ وارنر برادرز نے انیس سو چالیس کے مجرمانہ گروہوں پر بننے والی ایک فلم ’گینگسٹر سکواڈ‘ کا ٹریلر بھی روک لیا ہے کیونکہ اس فلم میں کولوراڈو کے قتل عام سے ملتا جلتا ایک سین شامل ہے۔ یہ ٹریلر فلم ڈارک نائٹس رائزز کی نمائش سے پہلے سنیما کی سکرین پر دکھایا جاتا ہے۔







