بن ایفلک بطور بیٹ مین، پہلی تصویر کی رونمائی

،تصویر کا ذریعہ
ہالی وڈ کے معروف ہدایت کار زیک سنائڈر نے بیٹ مین کے روپ میں اداکار بن ایفلک کی پہلی تصویر جاری کی ہے جسے مجموعی طور پر پسند کیا گيا ہے۔
بیٹ مین کے کردار میں بن ایفلک کی تصویر ان کی مخصوص قسم کی گاڑی بیٹ موبائل کے ساتھ بلیک اینڈ وائٹ طرز میں آنے والی فلم ’سپرمین ورسز بیٹ مین‘ کے سیٹ پر لی گئی ہے۔
البتہ اس نقاب پوش کردار کے لیے اداکار کا انتخاب متنازع تھا تاہم ان کی نئی تصویر کو مثبت انداز میں قبول کیا گیا ہے۔
بہت سے لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ فرینک میلر کی چار حصوں پر مشتمل کامک ’دی ڈارک نائٹ ریٹرنز‘ کے پرانے بیٹ مین کی یاد تازہ کرتا ہے۔
براین بشپ نے ’دی ورج‘ کے بارے میں کہا کہ ’سنہ 1986 کی سیریز میں بوڑھے بروس ویئن کو ان کے کریئر کے آخری دنوں میں پیش کیا گیا ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ ’چونکہ ایفلک کے بارے میں یہ خبریں گشت کر رہی ہیں کہ آنے والی فلم میں وہ بوڑھے بیٹ مین کا کردار ادا کر رہے ہیں ایسے میں اگر سنائڈر میلر مضبوط ڈیزائن کی پیروی کریں تو اس میں حیرت کی کوئی بات نہیں۔‘
رولنگ سٹون میگزین کے جو بلسٹین نے کہا کہ ’ایفلک کے پٹھے کافی ابھرے ہیں اور تصویر میں ان کی نسیں پھولی ہوئی ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہ
انھوں نے کہا کہ ’اس تصویر کو دھوئیں والے ماحول میں لیا گیا ہے جس سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہ وہی کسی سوچ میں غرق بیٹ مین ہے جسے ہم جانتے ہیں اور جس سے ہم پیار کرتے ہیں۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس میں بیٹ مین نے جو لباس پہنا ہے اسے مائیکل ولکنسن نے تیار کیا ہے اور یہ کامک کی کتاب میں پیش کردہ کردار کی تصویر سے زیادہ مشابہت رکھتا ہے۔
میٹ میک ڈینیئل نے یاہو موویز پر لکھا ’یہ لباس مائیکل کیٹن کی یاد دلاتا ہے جس میں اس کے ابھرے ہوئے پٹھے ہیں اور ٹوپی سے ملحق باد گیر یا لمبا کپڑا ہے۔ اس کے کان قدرے چھوٹے ہیں اور سینے پر بیٹ یا چمگادڑ کی علامت پہلے کے مقابلے بڑی ہے۔‘
واضح رہے کہ پہلے کرسٹیئن بیل نے اس کردار کو ادا کیا تھا اور ان کی جگہ ایفلک کو لیے جانے کو عالمی طور پر نہیں سراہا گیا تھا۔
لیکن ریڈرز پول میں بیٹ مین کے اس نئے روپ کو 56 فی صد لوگوں نے سراہا ہے۔







