سپر مین اور بیٹ مین، ایک ہی فلم میں

کامک بکس اور فلموں کی دنیا کے دو اہم ترین افسانوی کردار سپر ہیروز ’سپر مین‘ اور ’بیٹ مین‘ پہلی بار ایک ہی فلم میں نظر آئیں گے۔
یہ اعلان زیک سنائڈر نے کیا جو کہ حالیہ سپر مین فلم ’مین آف سٹیل‘ کے ہدایتکار بھی ہیں۔
زیک سنائڈر نے یہ اعلان امریکی شہر سان ڈیئیگو میں ایک کامکس کنوینشن پر کیا تاہم اُن کا کہنا تھا کہ اس فلم کی کہانی ابھی تیار کی جا رہی ہے۔
اس فلم کی پروڈکشن کا آغاز آئندہ سال متوقع ہے اور سنہ دو ہزار پندرہ کے موسمِ گرما میں فلم کے آنے کی امید ہے۔
وارنر بردرز سٹوڈیوز نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ دونوں سپر ہیرو ایک ہی فلم میں کام کریں گے۔
مین آف سٹیل میں سپر مین بننے والے برطانوی اداکار ہنری کاول ہی سپر مین کا کردار ادا کریں گے تاہم بیٹ مین کے کردار کے لیے ابھی کسی اداکار کو چنا نہیں گیا ہے۔
بی بی سی کے لاس انجلیس میں نامہ نگار پیٹر بوز کا کہنا ہے کہ کامک بکس کے مداحوں کے لیے دونوں کو کرداروں کو ایک ہی فلم میں دیکھنا کسی خواب کی تعبیر سے کم نہیں۔
’سپر مین‘ اور ’بیٹ مین‘ کی مقبولیت کی وجہ سے حال میں دونوں کرداروں پر مبنی فلموں نے ایک ارب ڈالر سے زیادہ منافع کمایا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے علاوہ دو ماہ قبل انیس سو اٹھتیس میں شائع ہونے والا سپرمین کامک کا ابتدائی شمارہ نیلام کیا گیا۔ سپرمین کامک کا یہ نادر شمارہ امریکی ریاست منیسوٹا کے ایک غیر آباد گھر کی دیوار سے ملا تھا۔
سپر مین کردار کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ پہلا سپر ہیرو ہے جو کارٹونوں کے سلسلے کی صورت میں شائع کیا گیا تھا جس کے بعد بیٹ مین اور سپائیڈرمین کے کامکس بھی شائع ہونا شروع ہوئے۔







