پاپ سٹار پرنس کی اوباما کے لیے ’خفیہ‘ پرفارمنس

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکہ میں وائٹ ہاؤس حکام اس بارے میں وضاحت نہیں کریں گے کہ پاپ سٹار پرنس نے ایک پارٹی کےدوران پرفارم کیا تھا یا نہیں، اس امر کے قطع نظر کہ اس پارٹی میں مدعو مہمانوں نے سوشل میڈیا پر اس تقریب کی تصاویر پوسٹ کی تھیں۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے تصدیق کی ہے کہ سنیچر کو ایک نجی پارٹی منعقد ہوئی تھی۔
اس تقریب میں مدعو کیے گئے مہمانوں میں سی ای اوز، مشہور شخصیات اور لابیئسٹ شامل تھے۔
ریو ال شارپٹن نے پرنس اور سٹیو ونڈر کی پرفارمنس کے بارے میں ٹویٹ کیا۔
شہری حقوق کے کارکن اور ٹی وی میزبان نے لکھا کہ ان دونوں کو کی بورڈز بجاتے دیکھنا ’شاندار‘ تھا۔
ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ اس پارٹی کا خرچ اوباما خاندان نے ’خود ادا‘ کیا تھا تاہم وہ اس پارٹی کے اخراجات کے بارے میں مزید کچھ نہیں بتا سکتے۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق فلم ڈائریکٹر ٹیلر پیری، اداکارہ اینجیلا بیسیٹ اور فیشن ڈیزائنر نعیم خان بھی مہمانوں میں شامل تھے۔



