’آئرن مین‘ کو کس بات پر غصہ آیا؟

،تصویر کا ذریعہReuters
ویسے تو فلمی شخصیات کا غصہ کرنا ایک عام بات ہے لیکن اگر وہ غصہ کیمرے کے سامنے دکھاتے ہیں تو خبر بن جاتی ہے۔
ہالی وڈ کی سپر ہیرو فلم سیریز ’آئرن مین‘ سے شہرت پانے والے اداکار رابرٹ ڈاؤنی جونیر کے ساتھ حال میں ایسا ہی ایک واقعہ ہوا جس میں وہ غصے میں ایک انٹرویو کے دوران اٹھ کر چلے گئے۔
ہیرو رابرٹ ڈاؤنی جونیر اپنی نئی فلم’اوینجرز دی ایج آف الٹرن‘ کی تشہیر کے لیے ایک انگریزی چینل کو انٹرویو دے رہے تھے کہ اس دوران میزبان نے ان کی ذاتی زندگی کے بارے میں سوال پوچھ لیے۔
ہیرو رابرٹ ڈاؤنی جونیر کو ماضی میں منشیات کے استعمال کی عادت کی وجہ سے جیل بھی جانا پڑا تھا اور وہ اس وقت کو یاد کرنا پسند نہیں کرتے ہیں۔
انٹرویو میں میزبان نے ان سے پہلا سوال ہی جیل کے بارے میں پوچھ لیا۔
اس پر رابرٹ نے کہا:’ یہ کیسی پروموشن ہے؟ میں بہت ساری ایسی باتیں آپ کو بتا سکتا ہوں جن کا ابھی اس وقت کوئی مطلب نہیں ہے۔‘
اس پر میزبان نے کہا کہ’ مجھے آپ سے بات کرنے کا موقع ملا ہے تو میں آپ سے کچھ سوال پوچھ ہی سکتا ہوں۔‘

،تصویر کا ذریعہReuters
اس پر رابرٹ نے کہا کہ آپ کا وقت ختم ہو رہا ہے اور براِئے مہربانی جلدی سے اگلا سوال؟
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
لیکن میزبان نے دوبارہ ان سے اپنے والد کے ساتھ تعلقات، منشیات کے استعمال اور جیل کے’سیاہ ماضی‘ کے بارے میں پوچھ لیا۔
سوال کے ساتھ ہی رابرٹ ڈاؤنی جونیر غصے سے اٹھ کھڑے ہوئے اور یہ کہتے ہوئے انٹرویو چھوڑ کر چلے گئے کہ’ میں یہاں اپنی فلم کی تشہیر کے لیے آیا ہوں اور کچھ بھی نہیں کہوں گا، معذرت اور شکریہ۔‘
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی اس انٹرویو کے بارے میں خوب تبصرے ہو رہے ہیں جس میں کچھ لوگ رابرٹ کے اقدام کو ٹھیک کہہ رہے ہیں تو کچھ میزبان کا ساتھ دے رہے ہیں۔‘
بھارت میں بھی اداکار سلمان خان، اکشے کمار اور حال ہی میں کرن بیدی صحافی کے سوالوں سے ناراض ہو کر انٹرویو سے اٹھ کر جا چکے ہیں۔







