’ایک ہی عمران ہاشمی کافی ہے‘

اطلاعات کے مطابق اس فلم میں بعض خاصے بولڈ سین شامل کیے گئے ہیں

،تصویر کا ذریعہVISHESH FILMS

،تصویر کا کیپشناطلاعات کے مطابق اس فلم میں بعض خاصے بولڈ سین شامل کیے گئے ہیں

بالی وڈ کے معروف ہدایت کار اور فلم ساز مہیش بھٹ کے کیمپ سے نکلنے والے اداکار عمران ہاشمی آج دوسرے بینرز کی فلمیں بھی کر رہے ہیں۔

لیکن مہیش بھٹ کو ’دوسرا عمران ہاشمی نہیں چاہیے۔‘

اب ٹی وی فنکار گرمیت چودھری بھی بھٹ کیمپ کی آنے والی فلم ’خاموشياں‘ سے بڑے پردے پر قدم رکھ رہے ہیں۔ اس فلم کا ایک نغمہ پہلے ہی لانچ کیا جا چکا ہے۔

مہیش بھٹ ان کی خاصی تعریف کر رہے ہیں اور آنے والے دنوں کا انھیں ’بڑا سٹار‘ بتا رہے ہیں۔

فلم کے ایک گانے ’ بھیگ لوں‘ کی لانچ پر مہیش بھٹ سے پوچھا گیا کہ کیا گرمیت چودھری بھٹ کیمپ کے اگلے عمران ہاشمی ہوں گے؟

اس کے جواب میں مہیش بھٹ نے کہا: ’عمران نے ہماری فلموں سے کریئر شروع کیا تھا اور آج وہ بڑے سٹار ہیں۔ انڈسٹری میں کوئی کسی کی جگہ نہیں لے سکتا۔ ہمارے لیے ایک ہی عمران کافی ہے۔ ہمیں دوسرا عمران ہاشمی نہیں چاہیے۔‘

فلم ’خاموشياں‘ کی کہانی وکرم بھٹ نے لکھی ہے اور یہ فلم 30 جنوری کو ریلیز ہو گی۔

فلم میں گرمیت چودھری کے ساتھ ساتھ علی فضل اور سپنا پبّي اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ میں اس فلم کے اس حوالے سے کافی چرچے ہیں کہ مہیش بھٹ کے کیمپ سے ایک اور بولڈ فلم ریلیز کے لیے تیار ہے۔

وہ پہلے ہی ’جسم،‘ ’راز‘ اور ’ڈر‘ جیسی بولڈ فلمیں بنا چکے ہیں اور اطلاعات کے مطابق اس فلم میں بھی بعض بولڈ سین ہیں۔