ایلبا کیا اگلے بانڈ ہیں؟ ’بانڈ فلم کا ہیرو خوبصورت ہوتا ہے‘

اگلی بانڈ فلم میں ادریس ایلبا کے کام کرنے کے بارے میں چہمگوئیاں

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناگلی بانڈ فلم میں ادریس ایلبا کے کام کرنے کے بارے میں چہمگوئیاں

جب سے سونی پیکچرز کی ای میلز ہیکروں نے جاری کی ہیں، اگلی بانڈ فلم میں ادریس ایلبا کے کام کرنے کے بارے میں افواہیں گردش کر رہی ہیں۔

ادریس ایلبا نے بھی ان افواہوں سے انکار نہیں کیا بلکہ ان کی جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی تصویر کے ساتھ جاری کیے گئے ایک بیان سے ان افواہوں کو مزید تقویت ملی ہے۔

اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’بانڈ فلم کا ہیرو خوبصورت ہوتا ہے اور مجھے خوشی ہے کہ آپ لوگ سمجھتے ہیں کہ میں یہ کردار کرسکتا ہوں۔ آپ سب کو نیا سال مبارک ہو۔‘

یاد رہے کہ موجودہ 007 ہیرو ڈینیل کریگ کا صرف ایک اور فلم کرنے کا معاہدہ ہے۔

سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کی لیک ای میلز کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ ایک ای میل میں چیئرمین ایمی پاسکل نے کولمبیا پکچرز جو بانڈ فرنچائز تقسیم کرتی ہے کی سابق ایگزیکٹو نائب صدر الزبتھ کینٹیلن کو لکھا تھا کہ ’ادریس اگلا بانڈ ہونا چاہیے‘۔

سونی پکچرز کی طرف سے ابھی کوئی تصدیق نہیں کی گئی کہ ادریس اگلے 007 ہوں گے۔

جہاں پر ایلبا کے لاکھوں مداح ان افواں پر خوش ہیں وہاں پر کچھ لوگ ناخوش بھی دکھائی دیتے ہیں۔ امریکی قدامت پسند ٹاک شو کے میزبان رش لیمبوگ نے حال ہی میں ان افواہوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جیمز بانڈ کے اصل مصنف ایئن فلیمنگ کے ناول میں یہ کردار ایک سفید شخص کا تھا، فلم میں ایک سیاہ فام اداکار سے یہ کردار نہیں کرانا چاہیے۔

42 سالہ ایلبا ماضی میں بانڈ کا کردار ادا کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔ فی الحال ڈینیئل کریگ اگلی بانڈ فلم سپیکٹر کی فلم بندی کر رہے ہیں۔