ملکۂ حسن مردہ حالت میں پائی گئیں

،تصویر کا ذریعہAFP
ہونڈیورس میں حکام کے مطابق ملک کی 19 سالہ ملکہ حسن ماریہ ہوزے الواردو اور ان کی بہن صوفیہ ٹرینڈیڈ مردہ پائی گئی ہیں۔
دونوں خواتین گذشتہ جمعرات سے لاپتہ تھیں اور دونوں کو آخری بار سارنتا باربرا کے علاقے میں منعقدہ ایک تقریب سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
ماریہ نے لندن میں منعقد ہونے والے آئندہ مس ورلڈ کے مقابلۂ حسن میں شرکت کرنا تھی۔
ان کے لاپتہ ہونے پر ماریہ کے بوائے فرینڈ سمیت چار افراد سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔
جرائم کی تحقیقات کرنے والے قومی بیوریو کے سربراہ لیناردو اوساریو کے مطابق دو خواتین کی لاشیں کیبو ٹیلز کے علاقے سے برآمد ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ’ہمیں سو فیصد یقین ہے کہ یہ ان دونوں کی ہی ہیں۔‘
اوساریو کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو ایک کار اور اسلحے سمیت حراست میں لیا گیا ہے۔
پولیس کے سربراہ کے مطابق ایک عینی شاہد نے اہم معلومات فراہم کی ہیں۔
دونوں خواتین کو آخری بار 13 نومبر کو سالگرہ کی ایک تقریب میں بغیر نمبر پلیٹ کے ایک گاڑی سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق ہونڈیورس میں ایک لاکھ میں سے 90.4 لوگ قتل کر دیے جاتے ہیں اور یہ شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔







