رنبیر کے لیے قطرینہ کی سرپرائز پارٹی

قطرینہ کیف اور رنبیر کپور کے بارے میں میڈیا میں اور عوام دونوں میں بے حد دلچسپی پائی جاتی ہے

،تصویر کا ذریعہHoture Images

،تصویر کا کیپشنقطرینہ کیف اور رنبیر کپور کے بارے میں میڈیا میں اور عوام دونوں میں بے حد دلچسپی پائی جاتی ہے

بالی وڈ کی معروف اداکارہ قطرینہ کیف اور اداکار رنبیر کپور کی دوستی کے بارے میں زیادہ تر لوگوں کو علم ہے اور قطرینہ نے حال میں ایک انٹرویو میں رنبیر کو اپنی زندگی کا اہم حصہ کہا ہے۔

شاید اسی لیے انھوں نے رنبیر کی 32 ویں سالگرہ کے موقعے پر رنبیر کے لیے ایک خاص سالگرہ پارٹی منعقد کی۔

یہ خفیہ پارٹی 27 ستمبر کی رات قطرینہ عرف کیٹ نے اپنے دوست اور ہدایتکار ایان مکھرجی کے ساتھ مل کر منعقد کی تھی۔

وہ دونوں کئی دنوں سے پوشیدہ طور پر رنبیر کی سالگرہ کی تیاریاں کر رہے تھے اور اس کے بارے میں رنبیر کو کچھ نہیں بتایا گیا۔

اطلاعات کے مطابق پارٹی دیر رات تک ایان کے گھر پر چلتی رہی جس میں رنبیر کے قریبی دوستوں میں سے روہت دھون بھی شریک تھے۔

شاہد بھی چیلنج کے خواہاں

ریتک کی فلم ’بینگ بینگ‘ اور شاہد کی فلم ’حیدر‘ دونوں دو اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہیں
،تصویر کا کیپشنریتک کی فلم ’بینگ بینگ‘ اور شاہد کی فلم ’حیدر‘ دونوں دو اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہیں

فلم ’بینگ بینگ‘ کی خاص طرز کی پروموشن کے لیے ریتک روشن نے اپنے تمام دوستوں کو کچھ نہ کچھ کرنے کا چیلنج دیا ہے۔

شاہ رخ کو اپنے ایبس دکھانے کے لیے کہا تو رنویر سنگھ کو ممبئی کی سڑکوں پر ڈانس کرنے کے لیے کہا۔ لیکن انھوں نے شاہد کپور کو کوئی چیلنج نہیں رکھا۔

در اصل ریتک کی فلم ’بینگ بینگ‘ اور شاہد کی فلم ’حیدر‘ دونوں ہی دو اکتوبر کو ریلیز ہو رہی ہیں۔

شاید اسی وجہ سے شاہد کو کوئی چیلنج نہیں دیا گیا لیکن شاہد چاہتے ہیں کہ رتیک ان کو بھی کوئی نہ کوئی چیلنج ضرور دیں۔

امیتابھ کی وینیٹی وین ضبط

شو کے میزبان امیتابھ بچن نے وزیر اعلیٰ رمن سنگھ سے ملاقات کی تھی

،تصویر کا ذریعہalok putul

،تصویر کا کیپشنشو کے میزبان امیتابھ بچن نے وزیر اعلیٰ رمن سنگھ سے ملاقات کی تھی

امیتابھ بچن کے شو ’کون بنے گا مہاكروڑپتی‘ کے سیٹ پر ریاست چھتیس گڑھ کے دارالحکومت رائے پور کی میونسپل کارپوریشن نے تالا لگا دیا ہے۔

اسی سیٹ پر امیتابھ بچن کی کئی کروڑ کی وینٹی وین بھی اب بند ہو گئی ہے۔

در اصل ایک دن پہلے اتوار کی شام امیتابھ بچن نے رائے پور کے جس سٹیڈیم میں سونی ٹی وی کے اس شو کی شوٹنگ کی تھی، وہ سٹیڈیم میونسپل کارپوریشن کا تھا۔

کارپوریشن کی میئر کرن مئی نایک کا کہنا ہے کہ ’شو کے آرگنائزر سونی ٹی وی کو شوٹنگ سے پہلے سٹیڈیم کا کرایہ اور نقصان کے لیے ہرجانے کی رقم جمع کرنے کا نوٹس دیا گیا تھا۔

میئر کے مطابق: ’نہ تو بقایا 17 لاکھ روپے جمع کیے گئے اور نہ ہمارے نوٹس کا جواب دیا گیا۔ ایسے میں کارروائی کے علاوہ ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا۔‘

اس معاملے پر ہمیں امیتابھ یا سونی ٹی وی کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہو سکا۔