ایمی وائن ہاؤس کے مجسمے کی نقاب کشائی

،تصویر کا ذریعہAP
شمالی لندن کے علاقے کیمڈن میں معروف برطانوی گلوکارہ ایمی وائن ہاؤس کے مجسمے کی نقاب کشائی کی گئی ہے۔ نوجوان گلوکارہ ایمی وائن ہاؤس تین برس قبل صرف ستائیس سال کی عمر میں انتقال کر گئیں تھیں۔
پیتل کے اس مجسمے کی نقاب کشائی ایمی وائن ہاؤس کی اکتیسویں سالگرہ کے دن کی گئی ہے۔
ایمی کے والد مچ وائن ہاؤس کا کہنا ہے کہ ایمی کو کیمڈن سے انتہائی پیار تھا اور یہ وہ جگہ ہے جسے ایمی کے فینز اس سے سب سے زیادہ منسوب کرتے ہیں۔
سکاٹ ایٹن کے بنائے گئے اس مجسمہ میں ایمی اپنے مخصوص ہئیر سٹائل میں کمر کے پچھلے حصے پر ہاتھ رکھے نظر آ رہی ہیں۔ کیمڈن مارکیٹ میں ہونے والی نقاب کشائی کی تقریب میں ایمی کے فینز اور رشتہ داروں نے شرکت کی۔

،تصویر کا ذریعہAP
مجسمہ ساز ایٹن نے ایمی کے والد سے ملاقات کے بعد ایمی کے مجسمے پر کام کا آغاز کیا اور ان کے بقول یہ اتنا آسان کام نہیں تھا کیونکہ انھیں ایمی کی عادات اور شخصیت کے ساتھ ساتھ ان کی کمزویوں کو بھی مجسمے کا حصہ بنانا تھا۔ ’کمر پر ہاتھ رکھنا، ان کا مخصوص ہئیر سٹائل، سکرٹ کو ہاتھ میں پکڑنا، انوکھے انداز میں اپنا پیر موڑنا، ایمی کی یہ تمام عادات مجسمے کا حصہ ہیں۔
ایمی کے والد کا کہنا تھا کہ مجسمہ دیکھ کر وہ انتہائی جذباتی ہو گئے، مجسمہ ساز نے ایمی کے مجسمے کو حقیقت سے قریب تر بنا کر بہت اچھا کام کیا ہے اور انھیں امید ہے کہ مجسمہ ایمی کے فینز کو بہت پسند آئے گا۔
گلوکارہ ایمی وائن ہاؤس اپنے مخصوص سٹائل اور آواز کی وجہ سے برطانیہ کی نوجوان نسل میں بہت مقبول تھیں۔
ایمی اپنے ذاتی زندگی کے مسائل کے باعث منشیات اور الکوحل کی عادی ہو گئیں تھیں اور ان کا انتقال بھی الکوحل کی زیادہ مقدار پینے کے باعث ہوا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







