’میری کام‘ کی کامیابی کے بعد پرینکا کے لیے پیشکش

،تصویر کا ذریعہReuters
پرینکا چوپڑا کی فلم فلم ’میری کام‘ کو باکس آفس پر بہتر اوپننگ ملی ہے اور اس کے ساتھ ہی انھیں کئی اشتہاروں میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئی ہے۔
پانچ مرتبہ عالمی چیمپیئن رہنے والی بھارتی خاتون باکسر میری کام کی زندگی پر مبنی یہ فلم جمعے کو ریلیز ہوئی اور اس فلم نے باکس آفس ماہرین کے مطابق بھارت میں چار دنوں میں تقریباً 33 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔
اس کے علاوہ عالمی سطح پر یہ فلم اب تک 36 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ فلمی کاروبار کے ماہرین کے مطابق فلم نے پہلے دن 8.02 کروڑ روپے، دوسرے دن 9.2 کروڑ روپے اور تیسرے دن 11.02 کروڑ روپے کمائے۔
اس سے قبل بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پرینکا چوپڑا نے کہا تھا: ’میں باکس آفس سے بہت زیادہ امیدیں نہیں پالتی۔ مجھے بس یہی لگتا ہے کہ میری کام جیسی عالمی چیمپیئن کے کردار کے ساتھ انصاف کر سکوں اور جن لوگوں نے مجھ سے امیدیں لگا رکھی ہیں انھیں مایوس نہ کروں۔‘
اس کامیابی سے اداکارہ اور خاتون باکسر میری کام دونوں ہی خوش ہیں۔
فلم ’میری کام‘ کے بعد پرینکا کے پاس اشتہارات کے کئی پیش کشیں آ رہی ہیں۔
حال ہی میں ایک بڑی کمپنی نے پرینکا کے سامنے دو اشتہاری فلمیں سائن کرنے کی تجویز رکھی ہے۔

،تصویر کا ذریعہHoture
اطلاعات کے مطابق ابھی یہ واضح نہیں کہ اس پیشکش پر پرینکا چوپڑا کا کیا ردعمل ہے، تاہم اتنا ضرور کہا جا رہا ہے کہ وہ ابھی ان تجاویز پر غور کر رہی ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
دوسری جانب میری کام فلم کی کامیابی سے بہت خوش ہیں اور اب وہ چاہتی ہیں کہ پرینکا چوپڑا ان کی باکسنگ اکیڈمی کی برانڈ ایمبیسڈر بنیں۔
بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور کی رہنے والی میری کوم سے جب پوچھا گیا کہ کیا کسی شمال مشرقی بھارتی اداکارہ کو ان کا کردار نہیں سونپنا چاہیے تھا، تو میری کام نے کہا: ’پرینکا جیسی سپر سٹار کی وجہ سے میری کہانی زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچی ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہAP
انھوں نے مزید کہا کہ ’اگر وہ فلم میں نہیں ہوتیں تو یہ اتنی ہٹ نہ ہوتی۔ اس لیے مجھے کوئی شکوہ نہیں۔‘
پرینکا نے کہا تھا: ’مجھے اس بات پر فخر ہے کہ مجھے میری کام جیسی ورلڈ چیمپیئن کا کردار نبھانے کا موقع ملا، یہ فخر کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔‘
فلم میں پرینکا چوپڑا کے علاوہ زیادہ تر نئے اداکار ہیں۔ اس فلم کی ہدایت اومانگ کمار نے دی ہے جبکہ اس کے فلم ساز معروف ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالي ہیں۔
’چک دے انڈیا‘ اور ’بھاگ ملکھا بھاگ‘ جیسی فلموں میں کھیل کے متعلق ایکشن کے لیے رہنمائی دینے والے ریئل سپورٹس کے راب ملر سے اس فلم میں تعاون حاصل کیا گیا تھا۔







