’فروزن‘ پانچویں کامیاب ترین فلم بن گئی

،تصویر کا ذریعہBBC World Service
امریکی فلم ساز کمپنی ڈزنی کی اینیمیٹڈ فلم ’فروزن‘ عالمی باکس آفس کی تاریخ میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی پانچویں بڑی فلم بن گئی ہے۔
یہ آسکر ایوارڈ یافتہ فلم نومبر میں امریکہ میں ریلیز ہوئی تھی اور تب سے اب تک ایک ارب اکیس کروڑ نوے لاکھ ڈالر کما چکی ہے جو کہ آئرن مین 3 کی کل کمائی سے بھی زیادہ ہے۔
ٹکٹوں کی عالمی فروخت کے لحاظ سے اب یہ فلم ’ہیری پاٹر اینڈ دا ڈیتھلی ہالوز (پارٹ 2)‘ سے پیچھے ہے جس نے دنیا بھر میں ٹکٹوں کی فروخت سے ایک ارب چونتیس کروڑ ڈالر کمائے تھے۔
فروزن کو دو ماہ قبل تاریخ کی سب سے کامیاب اینیمیشن فلم کا اعزاز بھی حاصل ہوا تھا۔
اس فلم کی کامیابی کی ایک اہم وجہ اس کی جاپان میں بڑے پیمانے پر مقبولیت قرار دی جا رہی ہے۔
جاپان میں یہ فلم مسلسل 11 ہفتے باکس آفس پر پہلے نمبر پر رہی ہے اور وہاں اس کے ایک کروڑ چھپن لاکھ ٹکٹ فروخت کیے گئے۔
اطلاعات کے مطابق وہاں اکثر لوگوں نے اس فلم کو انگریزی کے علاوہ جاپانی زبان میں ڈب ورژن میں بھی دیکھا۔
جاپان میں ’فروزن‘ ’ٹائٹینک‘ اور ’ہیری پوٹر اینڈ ساسرز سٹون‘ کے بعد تیسری کامیاب ترین مغربی فلم ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
فروزن نے بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم اور بہترین اوریجنل گانے کے لیے دو آسکر ایوارڈ جیتے تھے۔







